آئی ایس آئی کا انڈین مجاہدین سے قریبی ربط : این آئی اے

نئی دہلی۔ 2 اکتوبر (سیاست ڈاٹ کام) پاکستان کی انٹلیجنس ایجنسی آئی ایس آئی کا ممنوعہ انڈین مجاہدین کے سرکردہ کارکنوں سے انتہائی قریبی ربط ہے اور اس نے تنظیم کے ہندوستان کو مطلوب ارکان کو پناہ دی ہے۔ نیشنل انوسٹی گیشن ایجنسی (این آئی اے) نے انڈین مجاہدین کے 20 مشتبہ ارکان کیخلاف دائر کردہ اضافی چارج شیٹ میں یہ بات بتائی۔تحقیقاتی ایجنسی نے خصوصی عدالت کو بتایا کہ مفرور ملزم ریاض بھٹکل اب بھی آئی ایس آئی سے قریبی ربط رکھے ہوئے ہے۔ کئی ملزمین کو اس ایجنسی نے ٹریننگ اور پناہ دی ہے۔ این آئی اے نے بتایا کہ ایک اور مفرور ملزم اقبال بھٹکل کا ٹھکانہ پاکستان میں ہے اور وہ آئی ایس آئی کے ساتھ مل کر فنڈس کے حصول میں سرگرم ہے۔ یہ مقدمہ ملک بھر میں انڈین مجاہدین کی دہشت گرد سرگرمیوں اور وسیع تر سازش سے متعلق ہے۔