اسلام آباد ۔ 24 مارچ (سیاست ڈاٹ کام) پاکستانی جاسوس ادارہ کے سربراہ کو اسلام آباد ہائیکورٹ نے آج ایک لاپتہ شخص سے متعلق مقدمہ کی سماعت کے دوران طلب کیا۔ جسٹس ریاض احمد خان نے آئی ایس آئی کے سربراہ لیفننٹ جنرل ظہیرالاسلام کو حکم دیا ہیکہ وہ لاپتہ شخص کی تحویل سے متعلق حلف نامہ کے ساتھ آئندہ ہفتہ عدالت میں حاضر ہوں۔ یہ عدالت پروین بی بی کی طرف سے دائر کردہ درخواست کی سماعت کررہی تھی جس میں الزام عائد کیا کہ اس کے شوہر محمد عارف کو انٹلیجنس ایجنسی نے اٹھا لیا تھا۔ سماعت کے دوران پروین بی بی کے وکیل نے عدالت کو مطلع کیا کہ عارف اور دیگر دو افراد کو چند ماہ قبل اپنی تحویل میں لیا تھا تاہم دیگر دو کو چند دن بعد رہا کردیا گیا جبکہ عارف ہنوز آئی ایس آئی کی تحویل میں ہے۔