نئی دہلی، 2 جنوری (سیاست ڈاٹ کام) دہلی کی ایک عدالت نے پاکستانی خفیہ ادارہ آئی ایس آئی کیلئے جاسوسی کے الزام میں گرفتار انڈین ایرفورس کے عہدیدار کو مزید دو یوم کیلئے پولیس تحویل میں دے دیا ہے تاکہ پٹھان کوٹ دہشت گردانہ حملہ کے سلسلے میں پوچھ تاچھ کی جاسکے۔ قبل ازیں دہلی پولیس نے عدالت کو مطلع کیا کہ پاکستانی جاسوس نے پوچھ تاچھ کے دوران پٹھان کوٹ حملہ کے بارے میں بعض انکشافات کئے ہیں اور مزید جانکاری کیلئے پولیس تحویل میں توسیع دی جائے جس کے بعد میٹروپولیٹن مجسٹریٹ دھیرج متل نے فضائیہ کے عہدیدار رنجیت کو پولیس تحویل میں لینے کی اجازت دے دی ، جس پر ایک خاتون کے ذریعہ بعض خفیہ رازوں کو آئی ایس آئی تک پہنچانے کا الزام ہے۔ رنجیت جوکہ فضائیہ میں کلیدی عہدہ پر بھٹنڈا میں متعین تھے، آئی ایس آئی کیلئے جاسوسی کے انکشاف پر حال ہی میں معطل کردیئے گئے جبکہ دہلی پولیس کی کرائم برانچ اور ملٹری انٹلیجنس اور ایرفورس لائینزنگ یونٹ نے انھیں مشترکہ کارروائی میں گرفتار کرلیا تھا۔