نئی دہلی ۔ 16 اکٹوبر (سیاست ڈاٹ کام) وزارت داخلہ قومی تحقیقاتی ایجنسی کی اس تجویز کا جائزہ لے رہی ہیکہ آئی ایس آئی ایس کے خلاف کیس درج رجسٹر کیا جائے تاکہ ہندوستان میں اس کے ممکنہ پھیلاؤ کا سدباب ہوسکے کیونکہ ممبئی کے 4 نوجوان اس دہشت گرد تنظیم میں شامل ہوگئے ہیں۔ تاہم ذرائع نے کہا کہ وزارت داخلہ این آئی اے کو آئی ایس آئی ایس کے سربراہ ابوبکر البغدادی کا نام اس کھلے کیس میں شامل کرنے کی اجازت نہیں دے گی کیونکہ اس سے اور کچھ نہیں بلکہ مسئلہ کو سنسنی خیز رنگ ملے گا جس کی وجہ یہ ہیکہ تحقیقاتی ایجنسی اس دہشت گرد گروپ کے لیڈر کو گرفتار کرنے کے موقف میں نہیں ہیں۔ اگر اجازت ملی تو یہ کیس قانون انسداد غیر قانونی سرگرمیوں کے تحت درج ہوگا۔