آئی ایس آئی ایس نے برطانوی امدادی کارکن کو ہلاک کردیا ‘ مغرب کا اظہار مذمت

لندن 14 ستمبر ( سیاست ڈٹ کام ) دہشت گرد گروپ اسلامی اسٹیٹ کی جانب سے ایک برطانوی امدادی کارکن کا سر قلم کردئے جانے کے واقعہ کو برطانیہ کے وزیر اعظم ڈیوڈ کیمرون نے خالص شیطانی قرار دیا ہے اور انہوں نے کہا کہ وہ قاتلوں کو انصاف کے کٹہرے میں لاکھڑا کرنے جو کچھ ہوسکتا ہے وہ کرینگے ۔ 44 سالہ امدادی کارکن ڈیوڈ ہئینس کو شام میں 2013 میں حراست میں لیا گیا تھا اور اس وقت سے وہ آئی ایس آئی ایس عسکریت پسندوں کے قبضہ میں تھے ۔ اس گروپ نے پہلے دو امریکی صحافیوں کے سر قلم کردئے تھے ۔ آئی ایس آئی ایس نے ایک نیا ویڈیو جاری کیا ہے جسے ’’ امریکہ کے دوستوں کے نام ایک پیام ‘‘ قرار دیا گیا ہے ۔ 27 منٹ کے اس ویڈیو میں امریکہ کے ساتھ اتحادی افواج میں شمولیت کیلئے ڈیوڈ کیمرون کو ذمہ دار قرار دیا گیا ہے ۔ امریکہ کا کہنا ہے کہ وہ اس خود ساختہ جہادی گروپ کے خلاف جنگ کر رہا ہے اور اس نے عراق میں آئی ایس آئی ایس کے خلاف فضائی حملے بھی شروع کردئے ہیں۔ اس تازہ ترین ویڈیو میں ڈیوڈ ہئینس کی ہلاکت کو دکھانے کے علاوہ یہ انتباہ بھی دیا گیا ہے کہ دوسرے برطانوی ورکرس کو بھی قتل کردیا جائیگا ۔ ڈیوڈ کیمرون نے اس عزم کا اظہار کیا ہے کہ وہ قاتلوں کا پتہ چلانے کیلئے جو کچھ ہوسکتا ہے وہ کرینگے ۔ انہوں نے کہا کہ یہ خالص شیطانی عمل ہے ۔ وہ ڈیوڈ ہئینس کے افراد خاندان سے دلی ہمدردی کرتے ہیں ۔

اس شخص نے زبردست عزم و حوصلے کا اظہار کیا تھا ۔ انہوں نے کہا کہ ہم اپنے اختیار میں جو کچھ ہے وہ کرینگے تاکہ ان قاتلوں کو پکڑ سکیں اور انصاف کیا جاسکے تاہم اس کیلئے وقت درکار ہوگا۔ یہ ویڈیو کل رات جاری کیا گیا تھا اور برطانیہ کے دفتر خارجہ کی جانب سے اس ویڈیو کی جانچ کی جا رہی ہے ۔ یہ ویڈیو ایک کلپ کے ساتھ شروع ہوا ہے جس میں کیمرون کو دکھایا گیا ہے ۔ اس کے بعد ایک شخص جو دکھایا گیا جو ڈیوڈ ہئینس جیسا ہے ۔ یہ شخص مکمل زعفرانی لباس پہنے ہوئے ہے اور ایک نقاب پوش کے آگے اپنے گھٹنوں پر بیٹھا ہوا ہے ۔ یہ شخص کہتا ہے کہ میں ڈیوڈ کاتھرون ہئینس ہوں ۔ میں یہ اعلان کرنا چاہتا ہوں کہ ڈیوڈ کیمرون میری سزا کیلئے پوری طرح ذمہ دار ہیں۔ یہ شخص کہتا ہے کہ کیمرون نے آئی ایس آئی ایس کے خلاف امریکہ کے ساتھ اتحاد میں شامل ہوئے ہیں جیسا کہ ان کے پیشرو ٹونی بلئیر نے کیا تھا ۔ اس نے کہا کہ افسوس کی بات ہے کہ ہماری پارلیمنٹ میں جو خود غرضانہ فیصلے کئے جاتے ہیں اس کی قیمت ہم برطانوی شہریوں کو ادا کرنی پڑتی ہے ۔ اس کے بعد ایک عسکریت پسند جو برطانوی لب و لہجہ میں بات کر رہا تھا یہ کہتا ہے کہ برطانوی شہری کو ڈیوڈ کیمرون کے وعدوں کی قیمت ادا کرنی پڑیگی ۔ کیمرون نے آئی ایس آئی ایس کے خلاف پشمرگہ کو ہتھیار فراہم کرنے کا اعلان کیا تھا ۔

اس ویڈیو کے بعد ڈیوڈ ہئینس کے افراد خاندان نے کہا کہ وہ بہت زیادہ یاد آتا رہیگا ۔ ڈیوڈ کے بھائی مائیک ہئینس نے دفتر خارجہ سے جاری کردہ ایک بیان میں کہا کہ ڈیوڈ انسانی بنیادوں پر بہت زیادہ پرجوش ہوا کرتا تھا اور وہ اسی جذبہ کے تحت شام کو گیا تھا ۔ اس دوران امریکی صدر بارک اوباما نے ہئینس کے بہیمانہ قتل کی شدید مذمت کی ہے اور کہا کہ امریکہ برطانوی شہری ہئینس کے قتل کی شدید مذمت کرتا ہے ۔ یہ کارروائی دہشت گرد گروپ آئی ایس آئی ایس نے کیا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ وہ دل سے ہئینس کے افراد خاندان اور برطانیہ ک یعوام کے ساتھ ہیں۔ انہوں نے کہا کہ مشکل اور غم کے اس وقت میں امریکہ اپنے دوست اور حلیف کے ساتھ ہے ۔ انہوں نے کہا کہ ہم برطانیہ کے ساتھ اور دوسرے مملکوں کے ساتھ مل کر اس قتل کے مرتکبین کو کیفر کردار تک پہونچانے کیلئے کام کرینگے ۔ آسٹریلیا کے وزیر اعظم ٹونی اباٹ نے کہا کہ ہئینس کا قتل اس بات کا مزید اظہار ہے کہ ایک مخصوص دہشت گرد گروپ نہ صرف برائی کرتا ہے بلکہ برائی کرنے میں خوشی محسوس کرتا ہے ۔ فرانسیسی صدارت کی جانب سے بھی ایک بیان جاری کرتے ہوئے ہئینس کے قتل کی شدید مذمت کی گئی ہے اور کہا گیا ہے کہ اس سے ظاہر ہوتا ہے کہ بین الاقوامی برادری کو آئی ایس آئی ایس کے خلاف سرگرم ہونا چاہئے ۔اس گروپ نے حالیہ ہفتوں میں دو امریکی صحافیوں کو بھی قتل کردیا تھا ۔