آئی ایس آئی اسمارٹ فونس کے ذریعہ جاسوسی میں سرگرم

مملکتی وزیر ہری بھائی چودھری کا لوک سبھا میں بیان
نئی دہلی ۔ 3 مئی (سیاست ڈاٹ کام) پاکستان کی جاسوس ایجنسی آئی ایس آئی موبائیل گیمنگ اور میوزک کے اپلیکیشنس جیسے ٹاپ گن ، ایم پی جنکی، وی ڈی جنکی، ٹاکنگ فراگ کے ذریعہ وائرس کو بروئے کار لاتے ہوئے ہندوستانی سیکوریٹی فورسیس کی جاسوسی کررہی ہے، حکومت نے آج یہ بات کہی۔ وزیرمملکت برائے امورداخلہ ہری بھائی پارتی بھائی چودھری نے لوک سبھا میں ایک سوال کا جواب دیتے ہوئے یہ بھی کہا کہ پاکستان کی جاسوس ایجنسی سابق فوجیوں کو جاسوسی کیلئے نوکریوں کے مواقع اور مالی امداد کی فراہمی کی آڑ میں پھنسانے کی کوشش کررہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ اس سلسلہ میں پاکستان انٹلیجنس ایجنسیاں موبائیل ایپس میں مختلف قسم کا وائرس بھیج کر مواد جٹانے کی کوشش میں ہے۔ انہوں نے کہاکہ 2013-16ء کی مدت کے دوران 7 سابق فوجیوں کو آئی ایس آئی کیلئے جاسوسی سے متعلق سرگرمیوں کی پاداش میں گرفتار کیا گیا یا ان کی نشاندہی ہوئی۔ ہندوستانی سیکوریٹی فورسیس کو اسمارٹ فونس پر مشکوک اپلیکیشنس کے استعمال کے بارے میں چوکنا کردیا گیا ہے۔