حیدرآباد ۔ 27 ۔ اپریل : ( پریس نوٹ ) : سنٹرل بورڈ آف سکنڈری ایجوکیشن ( سی بی ایس ای ) نے آج آئی آئی ٹی مینس کے نتائج کا اعلان کردیا جس میں ایم ایس کے طلبہ نے پھر ایک مرتبہ شاندار مظاہرہ کیا ۔ ایم ایس رحمانی 30 کے طالب علم عتیق الرحمن نے 360 کے منجملہ 214 اور سلمان محمد نے 208 نشانات حاصل کئے ۔ آئی آئی ٹی سطح کے امتحانات میں 200 یا اس سے زائد نشانات حاصل کرنا ایک اہم نشانہ تصور کیا جاتا ہے ۔ ایم ایس کے دیگر دو بہترین طلبہ میں شاہد ( 198 ) اور واسع مدثر ( 187 ) شامل ہیں ۔ قومی سطح کے ان امتحانات میں ایم ایس کے مجموعی طور پر 11 طلبہ نے 150 سے زائد نشانات حاصل کئے ہیں ۔ ایم ایس کے مجموعی طور پر 39 طلبہ آئی آئی ٹی مینس کے لیے کوالیفائی ہوئے ہیں اب وہ آئی آئی ٹی اڈوانسڈ امتحانات لکھنے کے اہل ہوگئے ہیں ۔ جن میں کامیابی کے ذریعہ وہ ملک کے باوقار آئی ٹی آئی کی اداروں میں داخلے حاصل کرسکتے ہیں اور جو امیدوار آئی آئی ٹی مینس کامیاب کرچکے ہیں وہ اپنی پسند اور مرضی کے مطابق مختلف این آئی ٹیز میں داخلے لے سکتے ہیں ۔ ایم ایس کا ایک اور تاریخی کارنامہ یہ ہے کہ آئی آئی ٹی ممبئی کے زیر اہتمام حالیہ منعقدہ یو سی ای ای ڈی امتحانات میں ایم ایس کے ایک طالب علم نے کل ہند سطح پر 40 واں رینک حاصل کیا جو یو سی ای ای لای کی تاریخ میں کسی مسلم طالب علم کی طرف سے تاحال حاصل کیا جانے والا بہترین رینک ہے ۔
ایم ایس رحمانی 30 دراصل ایم ایس کی وہ مساعی ہے جس کا مقصد مسلم طلبہ کو آئی آئی ٹی ، این آئی ٹی ، بی آئی ٹی جیسے باوقار انجینئرنگ کالجوں تک رسائی کے مواقع فراہم کرنا ہے ۔ چنانچہ اس عظیم مساعی کے طور پر ایم ایس کی جانب سے ملک بھر سے انتہائی قابل و ذہین مسلم طلبہ کو منتخب کرتے ہوئے انہیں انٹرمیڈیٹ اور آئی آئی ٹی کے لیے ماہر اساتذہ کے ذریعہ مفت کوچنگ دی جاتی ہے ۔ علاوہ ازیں ان زیر تعلیم طلبہ کو دو سال تک مفت غذا اور رہائش بھی فراہم کی جاتی ہے ۔ ایم ایس نے بہترین نتائج پر تمام ہونہار طلبہ ، اولیائے طلبہ اور اسٹاف کو مبارکباد دی ہے ۔۔