آئی آئی ٹی اداروں میں او بی سی اور ایس سی و ایس ٹی کی ایک بھی سیٹ خالی نہیں: جاوڈیکر

نئی دہلی، 2 اگست (سیاست ڈاٹ کام ) حکومت نے آج راجیہ سبھا میں بتایا کہ ملک بھر میں انجینئرنگ کے اداروں آئی آئی ٹی میں میں پسماندہ طبقات (او بی سی) اور درج فہرست ذات و قبائل (ایس سی / ایس ٹی) کے لئے کوٹے کے تحت مخصوص ایک بھی سیٹ خالی نہیں ہے ۔ ترقی انسانی وسائل کے وزیر پرکاش جاویڈیکر نے ایوان بالا میں وقفہ سوالات کے دوران بتایا کہ ” پہلے 40 سے 50 ہزار طلبہ جے ای ای (ایڈ وانس) میں داخلہ لیتے تھے ۔ تاہم، اس سال صرف 18 ہزار 138 طلبہ و طالبات داخلہ امتحان میں کامیاب قرار دیئے گئے ہیں۔ لیکن میں نے آئي آئي ٹی کونسل کو ہدایت دی ہے کہ کوئي سیٹ خالی نہیں رہنی چاہئے ۔ داخلہ کے لئے کٹ آف اس طورپر کی جائے کہ تمام سیٹیں بھر جائیں”۔ انہوں نے بتایا کہ ان کی ہدایت پر آئی آئي ٹی کے 31 988 امیدواروں کو داخلہ دیا گیا اور تمام سیٹیں بھری گئیں۔ وزیر موصوف نے کہا کہ "میں آپ کو یہ اطلاع دتے ہوئے خوش ہوں کہ آئی آئي ٹی کے اداروں میں امسال ایک بھی سیٹ خالی نہیں ہے ۔ آئی آئي ٹی میں طالبات کی تعداد 2017 کے آٹھ فیصد سے بڑھا کر 2018-19 میں 15 فیصد کردیا گیا ہے اور مجموعی 840 طالبات کو آئی آئی ٹی میں داخلہ ملا ہے "۔ اہم اعلی تعلیمی اداروں میں طلبہ و طالبات کی خودشی کے واقعات بڑھنے سے متعلق پوچھے گئے سوال پر وزیر موصوف نے کہا کہ طلبہ کی خودکشی کے واقعات کو روکنے کے لئے حکومت نے 15 اقدامات شروع کئے ہیں، جن میں والدین کے ساتھ میٹنگ، کاؤنسلنگ، ٹیچروں کی دخل اندازی وغیر ہ شامل ہے ۔