آئی آئی ایم سی میں اردو صحافت کیلئے درخواست جمع کرنے کی آخری تاریخ میں 10 مئی تک توسیع

نئی دہلی ۔3 مئی (سیاست ڈاٹ کام) ملک کے معروف انڈین انسٹیٹیوٹ آف ماس کمیونکیشن (آئی آئی ایم سی) میں اردو زبان میں صحافت کے ڈپلومہ کورس میں درخواست جمع کرنے کی تاریخ بڑھا کر اب 10 مئی کردی گئی ہے۔ پہلے درخواست کیلئے آخری تاریخ یکم ؍ مئی تھی۔ اس کورس کیلئے تحریری امتحان 26 مئی کو ہوگا جس کے بعد تحریری امتحان میں پاس کرنے والے طلبہ کو انٹرویو کیلئے نئی دہلی میں انسٹیٹیوٹ کے ہیڈکوارٹر میں بلایا جائے گا۔ خاص بات یہ ہیکہ اس دفعہ پہلی بار اردو کے طلبہ کی سہولتوں کا خیال کرتے ہوئے انسٹیٹیوٹ کے ڈائرکٹر جنرل کے جی سریش نے ملک کے مختلف 8 شہروں میں امتحانی مراکز بنائے ہیں۔ پہلے اردو زبان میں صحافت کیلئے تحریری امتحان صرف دہلی میں ہوتا تھا لیکن اس بار دہلی کے علاوہ لکھنؤ، جموں، سرینگر، حیدرآباد، بھوپال، ممبئی اور پٹنہ میں بھی تحریری امتحان کے مراکز بنائے گئے ہیں۔