آئیل کنٹری ٹیوبلر کمپنی کی تلنگانہ سے آندھراپردیش منتقلی

چار ہزار افراد روزگار سے وابستہ، چندرا بابو کی ترغیبات کا اثر
حیدرآباد ۔ 4 ڈسمبر (سیاست نیوز) آئیل کنٹری ٹیوبلر (او سی ٹی ایل) نامی آئیل و گیس ڈریلنگ پائپس بنانے والی کمپنی نے تلنگانہ سے آندھراپردیش منتقل ہونے کا فیصلہ کرلیا ہے اور بہت جلد کرشنا پٹنم کے علاقہ میں کمپنی کا یونٹ قائم ہوگا۔ کمپنی کے ذرائع کے بموجب حکومت تلنگانہ کی جانب سے اختیار کردہ صنعتی پالیسی کے علاوہ ٹی آر ایس سے ملحقہ ٹریڈ یونین کی ہراسانی کے سبب وہ نلگنڈہ سے اپنے یونٹ کو کرشناپٹنم منتقل کرنے کا تہیہ کرچکے ہیں۔ کامینینی گروپ کا حصہ او سی ٹی ایل جو کہ 500 کروڑ مالیتی کمپنی ہے اور اس کمپنی سے تقریباً 4 ہزار افراد کے روزگار جڑے ہوئے ہیں لیکن کمپنی نے نلگنڈہ سے کرشناپٹنم فوری اثر کے ساتھ منتقل ہونے کا فیصلہ کیا ہے۔ کامینینی گروپ جو کہ 5 ہزار کروڑ مالیت کا گروپ ہے جوکہ ریاست تلنگانہ کے مختلف شعبوں بالخصوص شعبہ صحت تقریباً 11 ہزار افراد کو راست و بالواسطہ طور پر روزگار فراہم کرتا ہے۔ حکومت آندھراپردیش کی جانب سے صنعتکاروں کو فراہم کی جانے والی سہولتوں کے علاوہ ٹیکس استثنیٰ جیسی اسکیمات کے سبب کئی بیرونی کمپنیاں آندھراپردیش میں سرمایہ کاری کا منصوبہ تیار کررہی ہے جبکہ ہیرو موٹر کارپ نے سب سے پہلے آندھراپردیش میں سرمایہ کاری کرنے کا فیصلہ کرتے ہوئے حکومت آندھراپردیش سے ہیرو موٹر کار کے یونٹ کے قیام کیلئے اجازت طلب کی تھی اور اراضی کی تخصیص کی خواہش ظاہر کی تھی۔ ہیرو موٹر کارس نے ریاست آندھراپردیش میں 2200 کروڑ روپئے کی سرمایہ کاری کے ساتھ نئے مینوفکچرنگ یونٹ کے قیام کا فیصلہ کرتے ہوئے حکومت سے ضلع چتور میں اراضی کی تخصیص کی خواہش کی تھی۔ چیف منسٹر مسٹر این چندرا بابو نائیڈو نے کابینہ سے مشاورت کے بعد ہیرو موٹر کار کو سری سٹی ضلع چتور میں 600 ایکر اراضی بغرض مینوفکچرنگ یونٹ تخصیص کرنے کا فیصلہ کیا اور اسے کابینی منظوری بھی فراہم کردی گئی۔ علاوہ ازیں حکومت آندھراپردیش نے مرکزی حکومت کے علاوہ ریاستی حکومت کی جانب سے ہیرو موٹر کار کو کئی مراعات فراہم کرنے کا اعلان کیا جبکہ ہیرو موٹر کار کی جانب سے 3 ہزار نوجوانوں کو روزگار فراہم کرنے کا اعلان کیا ہے۔ حکومت آندھراپردیش کی جانب سے او سی ٹی ایل کا بھی خیرمقدم کئے جانے کی توقع ہے جس میں جاریہ ہفتہ ہی اس بات کا فیصلہ کیا ہیکہ وہ ضلع نلگنڈہ میں موجود اپنے مینوفکچرنگ یونٹ کو کرشناپٹنم منتقل کریں گے۔