حیدرآباد۔/27اپریل، ( سیاست نیوز) ریاست تلنگانہ میں کل کی بارش کے بعد موسم میں قدرے تبدیلی دیکھی گئی۔ محکمہ موسمیات کے مطابق آئندہ 48گھنٹوں کے دوران کئی مقامات پر ہلکی سے تیز بارش ہوسکتی ہے۔ آج درجہ حرارت میں 2 ڈگری کمی ہوئی ہے اس کے باوجود یہ معمول سے زیادہ تھا۔ اعظم ترین درجہ حرارت 42.2 اور اقل ترین 27.6 ڈگری ریکارڈ کیا گیا۔ عہدیداروں کے مطابق عوام کو کل ہوئی بارش اور درجہ حرارت میں کسی قدر کمی سے جہاں عارضی طور پر راحت ملی لیکن گرمی کی شدت برقرار ہے۔ پی ٹی آئی کے بموجب تلنگانہ میں گرمی کی وجہ سے اب تک مرنے والوں کی تعداد 122ہوچکی ہے۔ اسٹیٹ ڈیزاسٹر مینجمنٹ ڈپارٹمنٹ کے عہدیداروں نے بتایا کہ گرمی کی شدت تلنگانہ کے کئی اضلاع میں برقرار ہے۔ چیف منسٹر کے چندر شیکھر راؤ 29اپریل کو ضلع کلکٹرس کے ساتھ خشک سالی کی صورتحال پر جائزہ اجلاس منعقد کریں گے۔