آئندہ 4 دنوں میں وسط مدتی انتخابات پرمنظر واضح ہوجائیگا: کے ٹی آر

انتخابات جب بھی ہوں ٹی آر ایس کی کامیابی کا دعویٰ
حیدرآباد۔/26اگسٹ، ( سیاست نیوز) وزیر انفارمیشن ٹکنالوجی کے ٹی راما راؤ نے کہا کہ آئندہ 4 دنوں میں اسمبلی کے وسط مدتی انتخابات کے مسئلہ پر منظر واضح ہوجائے گا۔ انہوں نے کہا کہ حکومت کی جانب سے اس سلسلہ میں تعطل کو ختم کرتے ہوئے موقف کی وضاحت کردی جائے گی۔ کے ٹی آر نے میڈیا کے نمائندوں سے بات چیت کرتے ہوئے دعویٰ کیا کہ انتخابات جب کبھی ہوں تلنگانہ میں ٹی آر ایس کا دوبارہ برسراقتدار آنا یقینی ہے۔ انہوں نے سوال کیا کہ اپوزیشن جماعتیں انتخابات سے کیوں خوفزدہ ہیں۔ انہوں نے کہا کہ حکومت نے گزشتہ ساڑھے چار سال میں ریاست کی ترقی اور عوام کی بھلائی کیلئے کیا اقدامات کئے اس کی رپورٹ پیش کرنے کیلئے پرگتی نویدنا جلسہ عام 2 ستمبر کو منعقد کیا جارہا ہے۔ کے ٹی آر نے کانگریس قائدین اتم کمار ریڈی اور ریونت ریڈی کو سخت تنقید کا نشانہ بنایا اور کہا کہ ٹی آر ایس کانگریس کی الزام تراشی کی پرواہ نہیں کرتی عوام ٹی آر ایس کے ساتھ ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ٹی آر ایس کا یہ جلسہ دھوکہ دہی کا نہیں بلکہ عوام کے دلوں میں جگہ بنانے والا جلسہ عام ہوگا۔ کانگریس کی طرح عوامی رقومات سے ٹی آر ایس جلسہ منعقد نہیں کررہی ہے۔ انہوں نے جلسہ عام کی کامیابی کیلئے بھاری رقومات کی تقسیم کے الزام کی تردید کرتے ہوئے کہا کہ ریونت ریڈی چونکہ نوٹوں کے بنڈل دینے کا تجربہ رکھتے ہیں لہذا وہ اچھی طرح جانتے ہیں۔ کے ٹی آر نے کہا کہ کانگریس قائدین کے باس دہلی میں ہیں جبکہ ٹی آر ایس کے باس گلی میں رہتے ہیں جو کہ عوام ہیں۔