آئندہ 3 سال میں ایک لاکھ ملازمتیں

آبپاشی پروجیکٹس کی عاجلانہ تکمیل، کے سی آر کا جواب
حیدرآباد۔ 31 مارچ (سیاست نیوز) چیف منسٹر کے چندر شیکھر راؤ نے کہا کہ انہیں ریاستی عوام کے مفادات اور آبپاشی پروجیکٹس کی تکمیل عزیز ہیں۔ آج شام قانون ساز اسمبلی میں آبپاشی پروجیکٹس پر پاور پوائنٹ پریزنٹیشن کے بعد مختصر مباحث کا جواب دیتے ہوئے چیف منسٹر نے کہا کہ جل یگنم اور دھن یگنم میں کسی طرح کی بے قاعدگی نہیں ہونے دی جائے گی۔ انہوں نے بتایا کہ تلنگانہ ریاست کے حصول کے بعد بنیادی طور پر دو مقاصد میں کامیابی حاصل کرلی گئی جن میں تعمیری کاموں کیلئے ای پی سی موبیلائیزیشن ایڈوانسیس کے طریقہ کار کو ختم کردیا گیا ہے۔ حکومت اب تلنگانہ کے تعلیم یافتہ بیروزگار طلبہ کو آئندہ تین سال میں ایک لاکھ ملازمتیں فراہم کرنے کا تہیہ کرچکی ہے۔ کے سی آر نے کہا کہ وہ بہرصورت اس منصوبہ کو عملی شکل دیں گے۔ انہوں نے کہا کہ ٹی آر ایس کے 20 ماہ کے دورِ اقتدار میں کرپشن کا خاتمہ ہوچکا ہے۔ انہوں نے کانگریس اور تلگو دیشم پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ محض شرمندگی کی وجہ سے وہ پاور پوائنٹ پریزنٹیشن کے دوران غیرحاضر تھے۔ انہوں نے اپوزیشن سے خواہش کی کہ وہ آبپاشی پروجیکٹس کو اپنی اَنا کا مسئلہ نہ بنائیں اور حکومت کے ساتھ بھرپور تعاون کریں۔ حکومت کسی علاقہ یا مقام سے کوئی امتیاز نہیں برتے گی۔ریاست بھر میں پانی کی فراہمی کو یقینی بنایا جائے گا۔