آئندہ 24 گھنٹوں کے دوران  بارش یا گرج چمک کا امکان

حیدرآباد ۔ یکم مئی ( سیاست نیوز ) محکمہ موسمیات نے آج خبردار کیا ہے کہ تلنگانہ کے تقریبا تمام اضلاع میں آئندہ 24 گھنٹوں کے دوران تیز ہوائیں چل سکتی ہیں اور ہوا کے ساتھ بارش بھی ہوسکتی ہے ۔ محکمہ کے عہدیداروں نے کہا کہ مشرقی مدھیہ پردیش کی سمت ایسے حالات بن رہے ہیں جن کا موسمی اثر تلنگانہ ‘ داخلی کرناٹک اور کیرالا پر ہوسکتا ہے ۔ شمالی تلنگانہ سے بھی ایسی لہر پیدا ہو رہی ہے ۔ مشرقی بہار سے سارے جھارکھنڈ اور چھتیس گڑھ تک بھی ہوائیں چل رہی ہیں۔ اس صورتحال کے اثر سے ہلکی سے اوسط بارش تلنگانہ میں کچھ مقامات پر ہوسکتی ہے یا پھر کچھ مقامات پر گرج چمک کے ساتھ بوندا باندی ہوسکتی ہے ۔ حیدرآباد اور اطراف کے علاقوں میں دو پہر کے اوقات میں بارش یا گرج چمک ہوسکتی ہے اور درجہ حرارت اعظم ترین 40 ڈگری اور اقل ترین 26 ڈگری کے آس پاس رہنے کی امید ہے ۔