آئندہ 20 سال تک ٹی آر ایس حکومت کی برقراری یقینی

کوئی بھی طاقت کمزور نہیں کرپائے گی ، وزیر داخلہ این نرسمہا ریڈی کا ادعا
حیدرآباد ۔ 4 ۔ ستمبر (سیاست نیوز) وزیر داخلہ این نرسمہا ریڈی نے کہا کہ آئندہ 20 برسوں تک ٹی آر ایس حکومت کی برقراری یقینی ہے اور کوئی بھی طاقت ٹی آر ایس کو کمزور نہیں کرپائے گی۔ وزیر داخلہ نے حیدرآباد میں ایک تقریب سے خطاب کرتے ہوئے اپوزیشن کو سخت تنقید کا نشانہ بنایا اور کہا کہ اپوزیشن جماعتیں بھلے ہی لاکھ سازشیں کرلیں ، وہ حکومت کو نقصان نہیں پہنچا سکتے ۔ ان کی کوئی بھی سازش کامیاب نہیں ہوپائے گی۔ انہوں نے چیف منسٹر اور ان کے افراد خاندان پر اپوزیشن کی جانب سے الزام تراشی کی مذمت کی اور کہا کہ شخصی الزام تراشی کا رویہ اپوزیشن کو ترک کرنا چاہئے ۔ انہوں نے کہا کہ اپوزیشن کے اس رویہ سے عوام سخت ناراض ہیں اور وہ اپوزیشن قائدین کو آئندہ انتخابات میں سبق سکھائیں گے۔ نرسمہا ریڈی نے کہا کہ اپوزیشن جماعتیں ریاست کی ترقی میں رکاوٹ پیدا کرنا چاہتی ہے اور اس کے لئے عدالتوں کا سہارا لیا جارہا ہے۔ چیف منسٹر کے چندر شیکھر راؤ نے ریاست کی ہمہ جہتی ترقی کیلئے جو منصوبہ بندی کی ہے ، اسے کوئی بھی طاقت روک نہیں پائے گی۔ اپوزیشن لاکھ سازشیں کرلیں ، تلنگانہ کی ترقی رک نہیں پائے گی۔ انہوں نے کہا کہ ملک کی کسی بھی ریاست میں اس قدر ترقیاتی اور فلاحی اسکیمات پر عمل نہیں کیا گیا جتنا کہ تلنگانہ میں ہوا ہے۔ یہی وجہ ہے کہ کے سی آر ملک کے تمام چیف منسٹرس میں کارکردگی کے اعتبار سے سرفہرست ہیں۔ نرسمہا ریڈی نے الزام عائد کیا کہ ریاست کی ترقی کو برداشت نہ کرتے ہوئے اپوزیشن قائدین الزام تراشی کا سہارا لے رہے ہیں۔ کانگریس ، بی جے پی قائدین اور جے اے سی کے صدرنشین پروفیسر کودنڈا رام کے الزامات کو مسترد کرتے ہوئے نرسمہا ریڈی نے کہا کہ اگر حکومت کی کارکردگی میں خامیاں ہوں تو ان کی نشاندہی کی جائے، حکومت اصلاح کیلئے تیار ہے لیکن جان بوجھ کر بے بنیاد الزامات عائد کرنے سے عوام کی برہمی کا سامنا کرنا پڑے گا ۔ انہوں نے کہا کہ کودنڈا رام اپوزیشن جماعتوں کے اشاروں پر کام کر رہے ہیں۔ کودنڈا رام کے الزامات کو اپوزیشن جماعتیں دوسرے دن من و عن دہرا رہی ہیں۔ نرسمہا ریڈی نے اپوزیشن کو مشورہ دیا کہ وہ تنقیدوں کے بجائے تعمیری رول ادا کریں۔