آئندہ پانچ سالوں میں پچاس ہزار جزک ڈرگ اسٹورس کھولنے کی تجویز

حیدرآباد ۔ 27 ۔ مارچ : ( سیاست نیوز ) : مرکزی وزیر مملکت برائے کیمیکلس و کھاد ہنس راج گنگارام آہیر نے آج کہا کہ جزک ڈرگس ’ جن اوشدھی ‘ اسٹورس پر ملک بھر میں حقیقی بازاری قیمت کی 20 تا 30 فیصد لاگت میں فروخت کئے جائیں گے ۔ آہیر نے کہا کہ ’ جن اوشدھی ‘ کے تحت جون میں جملہ 3 ہزار اس طرح کے جزک ڈرگ اسٹورس سرکاری ضلعی ہاسپٹلس ، بلاک لیولس پر پبلک ہیلت سنٹرس اور میڈیکل کالجس میں پہلے مرحلے میں ایک سال میں کھولے جانے کی تجویز رکھی گئی ۔ ہمارا منصوبہ پانچ سالہ مدت میں اس طرح کے 50 ہزار اسٹورس قائم کرنے کا ہے ۔ مرکزی وزیر نے مزید کہا فارمیسی میں ڈپلوما یا ڈگری یا پوسٹ گریجویشن کیے امیدوار اور معتبر این جی اوز کے لیے ان اسٹورس کو چلانے کا موقع ہے ۔ ان کی وزارت ان اسٹورس کو چلانے کے لیے ان منتخب امیدواروں کو کمپیوٹرس اور شوکیسیس کی خریدی کے لیے 2 تا ڈھائی لاکھ سبسیڈی دے گی ۔۔