حیدرآباد 28جون (یواین آئی )سرسبزی وشادابی میں اضافہ کے لئے تلنگانہ حکومت کے ہریتا ہارم پروگرام کے تیسرے مرحلہ کا آغازجولائی کے پہلے ہفتہ میں ہوگا جس کے ذریعہ ریاست بھر میں بڑے پیمانہ پر پودے لگائے جائیں گے ۔ ریاستی حکومت نے اس پروگرام کے لئے مرکزی وزیر جنگلات و ماحولیات ہرش وردھن کو مدعو کیا ہے ۔اس پروگرام کے پہلے دو مرحلوں کی کامیابی پر حکومت کافی مسرور ہے جس سے حوصلہ پاکر ریاستی حکومت چاہتی ہے کہ اس پروگرام کے تیسرے مرحلہ کو بڑے پیمانہ پر منعقد کرتے ہوئے پودے اُگائے جائیں۔حکومت اس پروگرام میں عوام کو شراکت دار بنانے کا ارادہ رکھتی ہے ۔ہریتا ہارم کے دو کامیاب مرحلوں کے تجربہ کو دیکھتے ہوئے حکومت کا ماننا ہے کہ عوام اور مختلف گروپس کو شراکت دار بنانے سے ہی اس مرحلہ کی بڑے پیمانہ پر کامیابی ممکن ہے اور اس کے بہتر نتائج سامنے آسکتے ہیں۔اس سال 40کروڑ پودے لگانے کا منصوبہ تیار کیا گیا ہے ۔کریم نگر ضلع کو مکمل سرسبز وشاداب بنانے کے اقدامات کئے جارہے ہیں۔تیسرے مرحلہ کے پروگرام کا ضلع کریم نگر میں آغاز ہوگا۔ایک تجزیہ میں کہا گیا ہے کہ اس پروگرام کے دوسر ے مرحلہ میں لگائے گئے پودوں کی حالت بہتر ہے ۔ یہ پودے شاہراہوں کے ساتھ ساتھ جنگلاتی علاقوں ، سرکاری و نجی اداروں کی اراضی پر لگائے گئے تھے ۔