حیدرآباد /13 جنوری (سیاست نیوز) ریاستی وزیر سماجی بہبود پی ستیہ نارائنا نے سنسنی خیز ریمارک کرتے ہوئے کہا کہ آئندہ ماہ چیف منسٹر کرن کمار ریڈی مستعفی ہو جائیں گے۔ ضلع مغربی گوداوری میں منعقدہ مختلف سرکاری تقاریب میں حصہ لینے کے بعد جلسہ عام سے خطاب کرتے ہوئے انھوں نے کہا کہ چیف منسٹر ریاست کو متحد رکھنے کے لئے سنجیدگی سے کوشش کر رہے ہیں اور ریاست کے مفادات کے تحفظ و عوام کی رائے کا احترام کرتے ہوئے پارٹی فیصلہ کی مخالفت کر رہے ہیں، جب کہ ریاست کی تقسیم کے نقصانات کے بارے میں وہ تلنگانہ مسودہ بل پر مباحث کے دوران وضاحت کریں گے۔ مسٹر پی ستیہ نارائنا نے کہا کہ جس دن کرن کمار ریڈی مستعفی ہوں گے، وہ بھی وزارت سے مستعفی ہو جائیں گے۔ واضح رہے کہ ریاستی وزیر سماجی بہبود کا شمار چیف منسٹر کے کٹر حامیوں میں ہوتا ہے،
لہذا ان کا بیان سیاسی حلقوں میں موضوع بحث بنا ہوا ہے۔ انھوں نے کہا کہ ریاست کی تقسیم کے لئے کانگریس کو ذمہ دار قرار دینا غلط ہے، کیونکہ ریاست کی تمام سیاسی جماعتوں نے تلنگانہ کی تائید میں مکتوب حوالے کیا تھا، جس کا جائزہ لینے کے بعد ہی کانگریس نے علحدہ ریاست کی تشکیل کا فیصلہ کیا ہے۔ انھوں نے کہا کہ سیما۔ آندھرا سے تعلق رکھنے والے کانگریس قائدین ابتداء ہی سے ریاست کی تقسیم کی مخالفت کر رہے ہیں۔ کانگریس کی جانب سے فیصلہ ہونے اور مسودہ بل اسمبلی پہنچنے کے بعد بھی وہ اپنی مخالفت جاری رکھے ہوئے ہیں۔