!آئندہ ماہ سے عوام کیلئے گھریلو اخراجات کی تکمیل بھی مشکل ہوجائے گی

پٹرول اور ڈیزل کی قیمتوں میں بے روک ٹوک اضافہ سے گھریلو بجٹ پر منفی اثرات مرتب ہونا یقینی
حیدرآباد۔29مئی (سیاست نیوز) آئندہ ماہ آپ کی اشیائے ضروریہ کی فہرست کے اخراجات میں 5تا7فیصد کا اضافہ ریکارڈ کیا جائے گا اور اس کی بنیادی وجہ تیل کی قیمتوں میں ہونے والا اضافہ ہے۔ پٹرول اور ڈیزل کی قیمتوں میں اضافہ سے پیدا ہونے والی صورتحال کا اندازہ ہندستانی شہریوں کو آئندہ ماہ ہوگا کیونکہ آئندہ ماہ کے دوران اشیائے ضروریہ کی قیمتوں میں 5تا7فیصد کا اضافہ کا اندیشہ ہے اور صنعتکاروں کا کہناہے کہ ملک میں جی ایس ٹی کے نفاذ کے بعد بعض اشیاء کو جنہیں 18فیصد کے زمرہ میں شامل کیا گیا تھا انہیں خارج کئے جانے سے قیمتوں میں کچھ کمی ہوئی تھی لیکن اب پٹرول اور ڈیزل کی قیمت میں اضافہ سے جی ایس ٹی کے نفاذ کے وقت ریکارڈ کی گئی کمی دور ہوجائیگی ۔ ماہانہ اخراجات میں اضافہ ریکارڈ ہوگا۔ حکومت ہند کی جانب سے پٹرول اور ڈیزل کی قیمت پر قابو پانے عدم اقدامات کے نتیجہ میں پیدا ہو رہی صورتحال کے سبب ایسا محسوس ہو رہا ہے کہ آئندہ چند ماہ میں قیمتوں میں بھاری اضافہ ہوگا اور اس کو حکومت کی جانب سے روکا نہیں جا سکے گا جسکے نتیجہ میں گرانی میں اضافہ ہوتا چلا جائے گا۔ ماہرین کا کہناہے کہ آئندہ 6 ماہ میں اگر تیل کی قیمت پر قابو نہیں پایا گیا اور یہی سلسلہ جاری رہا تو مجموعی اعتبار سے مہنگائی میں 4تا5فیصد اضافہ ریکارڈ کیا جا سکتا ہے ۔ بتایا جاتا ہے کہ ڈیزل کی قیمتوں میں مسلسل اضافہ سے اشیائے ضروریہ کی منتقلی کرنے والے ٹرانسپورٹ کی قیمتوں میں بھی اضافہ ریکارڈ کیا جانے لگا ہے اور اسکے اثرات اشیائے ضروریہ کی قیمتوں پر مرتب ہوتے ہیں ۔خام تیل کی عالمی بازار میں قیمت 80ڈالر سے گھٹ کر 75ڈالر ہوچکی ہے لیکن ابھی تک ملک میں پٹرول و ڈیزل کی قیمت میں کمی نہیں ہوئی اور توقع کی جا رہی ہے کہ آئندہ دنوں میں ان قیمتوں میں کچھ راحت حاصل ہوگی لیکن اگر راحت حاصل نہیں ملی تو مہنگائی میں اضافہ ہوگا۔ ماہرین معاشیات و صنعتکاروں کے مطابق آئندہ دنوں میںخوردنی تیل‘ ڈیٹرجنٹ‘ صابن‘ شیمپو‘ ڈبہ بند غذائیں‘ بسکٹ ‘ چپس کے علاوہ وہ178 اشیاء جنہیں جی ایس ٹی کے وقت 28 فیصد کے زمرہ میں رکھا گیا تھا اور بعد ازاں اس زمرہ سے نکال کر 18 فیصد کے زمرہ میں شامل کیا گیا میں 4تا5فیصد کا مجموعی اضافہ ریکارڈ کیا جائے گا۔ قیمتوں میں اضافہ کے بعد جی ایس ٹی کو اگر شامل کرلیں تو قیمت میں جو کمی ریکارڈ کی گئی تھی اب وہ پوری ہوجائے گی۔ بتایاجاتا ہے کہ آئندہ دنوں میں روزمرہ کی اشیاء کی قیمتو ںمیں اضافہ کے علاوہ سفر ‘ سیر و تفریح بھی مہنگی ہوجائے گی ۔ پٹرول اور ڈیزل کی قیمتو ںپر آئندہ چند یوم میں قابو کے اقدامات نہیں کئے گئے تو پٹرول اور ڈیزل کے سبب مہنگائی کے علاوہ روزمرہ کی اشیاء کی قیمتوں میں اضافہ عوام کو برداشت کرنا پڑیگا۔