سکریٹری اقلیتی بہبود احمد ندیم کا اسپیشل آفیسر حج کمیٹی کے ساتھ جائزہ اجلاس
حیدرآباد۔/11ڈسمبر، ( سیاست نیوز) حج سیزن 2015 کی سرگرمیوں کا آئندہ ماہ سے آغاز ہوگا اور تلنگانہ حکومت نے ابھی سے حج سیزن کی تیاریوں کا آغاز کردیا ہے۔ حج درخواستوں کی اجرائی کے آغاز کے ساتھ ہی حج سیزن کی سرگرمیوں کا سلسلہ شروع ہوجاتا ہے۔ سکریٹری اقلیتی بہبود احمد ندیم نے آج اسپیشل آفیسر حج کمیٹی پروفیسر ایس اے شکور کے ساتھ اجلاس میں حج سیزن کی تیاریوں کا جائزہ لیا۔ بتایا جاتا ہے کہ سنٹرل حج کمیٹی حج درخواست فارمس کی اجرائی کیلئے 15جنوری کی تاریخ طئے کرنے کا فیصلہ کرچکی ہے۔ فارمس کی پرنٹنگ کا کام آخری مرحلہ میں ہے اور پرنٹنگ کی تکمیل کے ساتھ ہی درخواستوں کی اجرائی کا آغاز کردیا جائے گا اور باقاعدہ شیڈول جاری ہوگا۔ جناب احمد ندیم نے آندھرا پردیش اور تلنگانہ کے عازمین حج کو درخواستوں کی اجرائی اور اس کی تکمیل کے سلسلہ میں ضروری رہنمائی کیلئے عہدیداروں کو ہدایت دی۔ انہوں نے کہا کہ سنٹرل حج کمیٹی سے شیڈول کی اجرائی کے ساتھ ہی حج کمیٹی کو متحرک ہوجانا چاہیئے۔ انہوں نے حج سیزن کے انتظامات کے سلسلہ میں عبوری ایکشن پلان کو منظوری دی ہے۔ واضح رہے کہ حج کمیٹی کی تقسیم ہوچکی ہے لیکن حج 2015 کیلئے تلنگانہ حج کمیٹی ہی آندھرا پردیش کے عازمین حج کیلئے خدمات انجام دے گی۔ حج کمیٹی کو تلنگانہ حج کمیٹی کا نام دیا گیا ہے لیکن آندھرا پردیش حکومت نے ابھی تک اپنی ریاست کیلئے حج کمیٹی کے ایکزیکیٹو آفیسر کا تقرر نہیں کیا جس کے باعث تلنگانہ حج کمیٹی دونوں ریاستوں کے عازمین حج کیلئے خدمات انجام دے گی۔ بتایا جاتا ہے کہ اس سلسلہ میں دونوں حکومتوں کے درمیان یادداشت مفاہمت پر دستخط ہوں گے اور آندھرا پردیش کے عازمین کو سہولتوں کی فراہمی کے سلسلہ میں ہونے والے اخراجات کی پابجائی آندھرا پردیش حکومت کرے گی اور بجٹ تلنگانہ حج کمیٹی کو جاری کیا جائے گا۔ ریاست کی تقسیم کے سبب سنٹرل حج کمیٹی تلنگانہ اور آندھرا پردیش کیلئے علحدہ علحدہ کوٹہ کا اعلان کرے گی اور کور نمبر بھی متعلقہ ریاستوں کی شناخت کے ساتھ جاری کئے جائیں گے۔ توقع کی جارہی ہے کہ 2015 حج سیزن کیلئے دونوں ریاستوں میں حج کوٹہ میں اضافہ ہوگا۔ عہدیداروں نے سنٹرل حج کمیٹی سے سفارش کی ہے کہ حج کوٹہ کا انتخاب 2011 مردم شماری کے مطابق کیا جائے۔ سکریٹری اقلیتی بہبود نے کہا کہ تلنگانہ حج کمیٹی گزشتہ برسوں کی طرح دونوں ریاستوں کے عازمین کیلئے کیمپ منعقد کرے گی اور آندھرا پردیش کے عازمین حیدرآباد سے ہی روانہ ہوں گے۔ دونوں ریاستوں کے عازمین کی روانگی کا شیڈول سنٹرل حج کمیٹی علحدہ طور پر جاری کرے گی۔ آئندہ سال حج کیلئے سنٹرل حج کمیٹی نے ہندوستان بھر کے عازمین کو خصوصی طور پر تیار کردہ بیاگیجس فراہم کرنے کا فیصلہ کیا ہے تاکہ مقررہ وزن سے زائد لگیج سے عازمین کو ایر پورٹ پر دشواری نہ ہو تاہم ایک لاکھ سے زائد عازمین کیلئے یکساں طور پر بیاگیجس کی فراہمی آسان کام نہیں۔ جاریہ سال حجاج کو لگیج کی پابندی کے باوجود اکثر دیکھا گیا کہ عازمین حج مقررہ وزن سے زائد لگیج کے ساتھ ایر پورٹ پہنچے جس پر انہیں حکام نے روک دیا۔ اس طرح کی صورتحال سے بچنے کیلئے سنٹرل حج کمیٹی مقررہ وزن کے مطابق خصوصی بیاگیجس تیار کرنے کا منصوبہ رکھتی ہے۔