آئندہ ماہ حیدرآباد میں سی پی آئی ایم کی قومی کانفرنس

ٹی آر ایس حکومت کے اقدامات پر اعتراض، ٹی ویرابھدرم کی پریس کانفرنس

حیدرآباد ۔ 14 مارچ (سیاست نیوز) ریاستی سکریٹری سی پی آئی ایم تلنگانہ کمیٹی مسٹر ٹی ویرا بھدرم نے بتایا کہ 18 تا 22 اپریل تاریخی شہر حیدرآباد میں سی پی آئی ایم کی پانچ روزہ قومی کانفرنس کے اجلاس منعقد ہوں گے۔ آج یہاں اخباری نمائندوں سے بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ سی پی آئی ایم کے قومی اجلاس میں بی جے پی سے نمٹنے کیلئے اختیار کی جانے والی حکمت عملی سے متعلق موضوعات پر تفصیلی مباحث ہوں گے جبکہ ریاست تلنگانہ میں ٹی آر ایس زیرقیادت مسٹر چندرشیکھر راؤ کی خاندانی حکومت پر غوروخوض کیا جائے گا کیونکہ چیف منسٹر مسٹر کے چندرشیکھر راؤ کی حکومت میں سوائے مسٹر چندرشیکھر راؤ خاندان اور کوئی بھی ریاستی عوام خوش نہیں ہے۔ مسٹر ویرابھدرم نے ریاستی حکومت بشمول چیف منسٹر تلنگانہ کو ہدف ملامت بناتے ہوئے کہا کہ چیف منسٹر کے آمرانہ طرز حکومت سے ریاست کے عوام سخت ناراض ہیں اور موجودہ حکومت کو آئندہ انتخابات میں اقتدار سے محروم کرنے کیلئے اپنا ذہن بنا چکے ہیں کیونکہ عوام کو درپیش مختلف مسائل پر حکومت کی توجہ مبذول کروانے کیلئے کئے جانے والے احتجاج کو کچلنے جیسے اقدامات حکومت کی جانب سے کئے جارہے ہیں اور کسی کو بھی حکومت کے خلاف احتجاج وغیرہ منظم کرنے کی اجازت نہیں دی جارہی ہے۔ اگر احتجاج کی کوئی کوشش بھی کی جائے تو پولیس کے ذریعہ احتجاج کی اجازت نہ دینے بلکہ پولیس خود اپنی زیادتی کے ذریعہ احتجاج کو ناکام بنانے کررہی ہے۔ انہوں نے ریاست میں مختلف کمزور طبقات پر مشتمل تشکیل دیئے گئے بہوجن لیفٹ فرنٹ کا تذکرہ کرتے ہوئے کہاکہ سال 2019ء میں منعقد ہونے والے عام انتخابات میں ریاست کے تمام حلقہ جات اسمبلی سے بہوجن لیفٹ فرنٹ اپنے امیدواروں کو انتخاب لڑائے گی۔