آئندہ ماہ تلنگانہ قانون ساز اسمبلی کا اجلاس

ریونیو اور بلدی بلس کو متعارف کرنے کی تجویز
حیدرآباد ۔ 17 ۔ اپریل : ( سیاست نیوز ) : تلنگانہ ریاستی قانون ساز اسمبلی اجلاس مئی کے تیسرے ہفتہ میں منعقد کرنے چیف منسٹر مسٹر کے چندر شیکھر راؤ ارادہ رکھتے ہیں ۔ ذرائع نے یہ بات بتائی اور کہا کہ مجوزہ اسمبلی اجلاس صرف چار یوم کے لیے ہی منعقد ہوگا ۔ اجلاس میں نئے ریونیو اور نئے بلدیاتی بلوں کو متعارف کر کے ان بلوں پر مباحث کے بعد اسمبلی میں منظوری حاصل کرنے کے اقدامات کئے جائیں گے ۔ ذرائع نے مزید بتایا کہ چیف منسٹر مجوزہ بلوں کو قطعیت دینے کے لیے متعلقہ محکمہ جات کے اعلیٰ عہدیداروں کے ساتھ تبادلہ خیال کرنے میں مصروف ہیں ۔ بلکہ محکمہ بلدیہ اور محکمہ ریونیو پر کافی عبور رکھنے والے بعض ماہرین سے تبادلہ خیال اور مشورے حاصل کررہے ہیں ۔ ذرائع نے مزید بتایا کہ مجوزہ بلوں کو اسمبلی سیشن میں منظور کروانے کے لیے کن تاریخوں میں اسمبلی اجلاس طلب کیا جانا چاہئے ۔ اس مسئلہ پر بھی اپنے مخصوص رفقاء سے تبادلہ خیال کررہے ہیں ۔ بتایا جاتا ہے کہ کے چندر شیکھر راؤ فوری طور پر ضلع پریشد و منڈل پریشد انتخابات منعقد کرنے کے لیے جلد سے جلد انتخابی اعلامیہ کی اجرائی عمل میں لانے اور انتخابی عمل 14 مئی تک مکمل کرلینے کا ارادہ رکھتے ہیں اور انتخابی عمل مکمل ہونے کے ساتھ ہی 15 تا 22 مئی کے دوران اسمبلی اجلاس طلب کر کے مذکورہ دونوں بلوں کو ایوان میں منظور کروالینے کا ارادہ رکھتے ہیں ۔۔