آئندہ ماہ بجٹ مسودہ 2016-17کو قطعیت

محکمہ فینانس کا مختلف محکموں سے بجٹ تجاویز حصول ، وزراء سے بھی مشاورت کا منصوبہ
حیدرآباد ۔ 27 ۔ جنوری (سیاست نیوز) بجٹ 2016-17 ء کا مسودہ چیف منسٹر کے چندر شیکھر راؤ کو پیش کردیا گیا اور توقع ہے کہ فروری کے پہلے ہفتہ میں چیف منسٹر بجٹ کو قطعیت دے دیں گے ۔ باوثوق ذرائع کے مطابق محکمہ فینانس نے مختلف محکمہ جات سے بجٹ تجاویز کو حاصل کرتے ہوئے عام بجٹ کا مسودہ تیار کرلیا ہے جو چیف منسٹر کو پیش کیا گیا۔ چیف منسٹر نے بجٹ کو قطعیت دینے کیلئے ماہرین سے مشاورت شروع کردی ہے اور وہ فروری کے تیسرے ہفتہ میں اسمبلی کے بجٹ اجلاس کے آغاز کے حق میں ہیں۔ بتایا جاتا ہے کہ چیف منسٹر نے فلاحی اسکیمات کیلئے زائد بجٹ مختص کرنے کی تجویز پیش کی تھی جس کے مطابق عہدیداروں نے مسودہ بجٹ کو تیار کیا ہے۔ چیف منسٹر ماہرین سے مشاورت کے بعد بعض تبدیلیوں کے ساتھ تجاویز پیش کرسکتے ہیں، جنہیں بجٹ میں شامل کیا جائے گا۔ محکمہ فینانس کے ذرائع کے مطابق چیف منسٹر بجٹ کو قطعیت دینے سے قبل وزراء سے بھی مشاورت کا منصوبہ رکھتے ہیں۔ حکومت نے حالیہ عرصہ میں جن نئی اسکیمات کا اعلان کیا ہے، ان کیلئے بجٹ مختص کرنے پر خصوصی توجہ دی جائے گی۔