امریکی کالجس میں داخلہ کے لیے انٹرویوز ، کثیر طلبہ کو مواقع ، استفادہ کے لیے حصول وقت میں عجلت کریں
حیدرآباد۔9مئی (سیاست نیوز) امریکی قونصل خانہ حیدرآباد میں 6جون کو ’’اسٹوڈینٹ ویزا ڈے ‘‘منایا جائے گا اور اسٹوڈینٹ ویزا ڈے کے موقع پر امریکی جامعات و کالجس میں داخلہ حاصل کرنے والے طلبہ و طالبات کے ویزا انٹرویوز منعقد کئے جائیں گے۔ امریکی قونصل خانہ کے ٹوئیٹر اکاؤنٹ کے ذریعہ قونصل خانہ کے ذمہ داروں نے امریکہ میں تعلیم حاصل کرنے کے خواہشمند طلبہ سے اپیل کی کہ وہ اپنی یونیورسٹی اور کالج کا انتخاب کرنے اور داخلہ حاصل کرنے کے بعد 6جون کو اپنے انٹرویو کے لئے حیدرآباد قونصل خانہ میں ویزا کے لئے انٹرویو کا وقت حاصل کریں۔قونصل خانہ کے عہدیداروں کے مطابق طلبہ کیلئے مخصوص اس انٹرویو کے دن 600تا700 طلبہ کو ویزا انٹرویو کے لئے وقت فراہم کیا جائے گا ۔ امریکی قونصل خانہ حیدرآباد کی جانب سے ہر سال طلبہ کیلئے خصوصی یوم برائے طلبہ انٹرویو کا انعقاد عمل میں لایا جا رہا ہے اور اس دن صرف امریکی جامعات و کالجس میں داخلہ حاصل کرنے والے طلبہ کو ہی انٹرویو کیلئے وقت فراہم کیا جاتا ہے۔امریکی جامعات و کالجس میں داخلہ حاصل کرنے میں کامیاب ہونے والے طلبہ 6جون کو منعقد ہونے والے خصوصی انٹرویو کے دن کا وقت حاصل کرتے ہوئے اس سے استفادہ کر سکتے ہیں۔ حیدرآباد قونصل خانہ میں ٓاندھرا پردیش‘ تلنگانہ اور اڈیشہ سے تعلق رکھنے والے طلبہ انٹرویو کے لئے رجوع ہوتے ہیں ۔ امریکی جامعات و کالجس میں داخلہ حاصل کرنے والے طلباء وطالبات کو چاہئے کہ وہ قبل از وقت اس خصوصی یوم برائے طلبہ انٹرویو سے استفادہ کیلئے وقت حاصل کرنے میں عجلت کریں تاکہ وہ اس موقع سے محروم نہ رہیں۔