آئندہ مانسون میں معمول کے مطابق بارش کا امکان

اضافی بارش کا امکان نہیں ، محکمہ موسمیات کے ماہرین کا بیان
حیدرآباد۔26فروری(سیاست نیوز) ملک میں آئندہ مانسون کے دوران توقع کے مطابق بارش ہوگی اور کوئی اضافی بارش کے امکان نہیں ہیں۔ محکمہ موسمیات کے ماہرین کا کہناہے کہ آئندہ چند ماہ کے دوران شروع ہونے والے مانسون کے دوران روایت کے مطابق بارش ہوگی اور سال 2019کا مانسون ملک کی بیشتر تمام ریاستوں کیلئے کوئی نقصان کا باعث نہیں ہوگا بلکہ 50فیصد اس بات کا امکان ہے کہ ہندستان بھر میں مانسون بہتر رہے گا جس کے سبب ملک کی معیشت میں بھی استحکام پیدا ہوگا ۔ اسکائی میٹ کی جانب سے کی جانے والی پیش قیاسی کے مطابق ہندستان میں 96تا104فیصد بارش مکمل چار ماہ کے دوران ریکارڈ کی جائے گی اور اس بارش میں اضافہ کے کا کوئی امکان نہیں ہے بلکہ ماہرین کا ماننا ہے کہ جاریہ سال کے مانسون کے دوران موسمی پیش قیاسی کے مطابق کوئی طوفان بادو باراں کی صورتحال نہیں ہوگی ۔ بتایاجاتا ہے کہ ملک میں معمول کے مطابق ہونے والی مانسون کی بارش اگر 70 فیصد بھی ہوجاتی ہے تو ایسی صور ت میں ملک کی زرعی صورتحال کافی فائدہ بخش ثابت ہوسکتی ہے اور اگر اس سے کچھ زیادہ بارش ہوتو حالات مزید بہتر ہوجاتے ہیں لیکن اگر طوفان اور سیلاب کی صورتحال پیدا ہوتی ہے تو ایسی صورت میں زرعی اراضیات اور پیداوار کو نقصان پہنچتا ہے جو کہ ملک کی معیشت کو نقصان پہنچنے کا سبب بنتا ہے لیکن اس مرتبہ توقع کی جا رہی ہے کہ ہندستان بھر میں شہری و دیہی علاقوں میں موسم میں کوئی بڑے تغیرات رونما نہیں ہوں گے بلکہ مانسون میں معمول کے مطابق ہونے والی بارش کے سبب معاشی استحکام بھی ریکارڈ کیا جائے گا۔