آئندہ عام انتخابات میں بی جے پی ۔ شیوسینا انتخابی اتحاد : فرنویس

ممبئی ۔ 28 مارچ (سیاست ڈاٹ کام) چیف منسٹر مہاراشٹرا دیویندر فرنویس نے آج قانون ساز کونسل میں بیان دیتے ہوئے کہا کہ آئندہ عام انتخابات میں ’’ایک ببر اور ایک شیر‘‘ (بی جے پی اور شیوسینا) کا انتخابی اتحاد ہوگا۔ فرنویس کا یہ تبصرہ قائداپوزیشن رادھاکرشنا وکھے پاٹل کے تبصرہ پر ردعمل تھا جنہوں نے کہا تھا کہ بی جے پی زیرقیادت ریاستی حکومت کا تاج ’’چوہوں‘‘ نے تباہ کردیا۔ سابق بی جے پی وزیر ایکناتھ کھرسے نے گذشتہ ہفتہ ایک خانگی کمپنی سے جملہ 319400 چوہوں کی ریاستی سکریٹریٹ میں ہلاکت کے دعوے پر اعتراض کیا تھا۔ پریشان حال حکومت نے بعدازاں وضاحت کی تھی کہ درحقیقت جملہ 319400 چوہا مار دوا کی گولیاں سکریٹریٹ میں رکھی گئی تھیں اور کئی چوہے ہلاک ہوگئے تھے۔ انہوں نے کہا کہ گولیوں کی تعداد کو چوہوں کی تعداد سمجھ لیا گیا تھا۔ کھرسے کے بیان میں اضافہ کرتے ہوئے وکھے پاٹل نے کہا تھا کہ سکریٹریٹ میں باقی چوہے حکومت کے تاج کو کھا جائیں گے۔ ان کے طنز پر ردعمل ظاہر کرتے ہوئے فرنویس نے کہا کہ ان کی حکومت چوہوں سے نہیں ڈرتی۔