محمد سلیم کی مختار عباس نقوی سے ملاقات، حج کوٹہ میں اضافہ کی اپیل
حیدرآباد ۔ 7 ۔ مئی (سیاست نیوز) آئندہ سال سے ہندوستان کے عازمین حج بحری راستہ سے حج بیت اللہ کیلئے روانہ ہوسکیں گے۔ مرکزی حکومت نے اس سلسلہ میں تمام ضروری تیاریوں کا آغاز کردیا ہے ۔ مرکزی وزیر اقلیتی امور مختار عباس نقوی نے آج نئی دہلی میں صدرنشین وقف بورڈ محمد سلیم سے ملاقات کے دوران یہ انکشاف کیا۔ محمد سلیم نے بحری راستہ سے سفر کی سہولت کی تیاریوں کے بارے میں استفسار کیا تاکہ متوسط طبقات سے تعلق رکھنے والے مسلمانوں کو کم خرچ پر حج کی سعادت حاصل ہوسکے۔ انہوں نے تلنگانہ کیلئے حج کوٹہ میں اضافہ کی اپیل کی اور کہا کہ تلنگانہ میں مسلمانوں کی آبادی ملک کی دیگر ریاستوں سے زیادہ ہے۔ لہذا مرکز کو چاہئے کہ وہ حج کوٹہ کے الاٹمنٹ میں تلنگانہ کو زائد حصہ فراہم کریں۔ محمد سلیم نے کہا کہ ریاست کی تقسیم اور تلنگانہ کی تشکیل کے بعد مسلمانوںکی آبادی 12 فیصد سے تجاوز کرچکی ہے لیکن حج کوٹہ صرف 6 ہزار کا الاٹ کیا جارہا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ حج کوٹہ میں اضافہ اور بحری راستہ سے سفر کی سہولت سے متوسط خاندانوں کو حج کی سعادت کا موقع ملے گا۔ مختار عباس نقوی نے بتایا کہ حکومت سعودی عرب نے ہندوستانی عازمین کیلئے بحری راستہ سے سفرکی اجازت سے اتفاق کرلیا ہے ۔ اس سلسلہ میں ضروری معاہدات کی تکمیل کے بعد آئندہ سال سے باقاعدہ بحری سفر کا آغاز ہوگا۔ انہوں نے تلنگانہ کیلئے حج کوٹہ میں اضافہ کی تجویز پر ہمدردانہ غور کا تیقن دیا۔