آئندہ سال سے آندھرا پردیش کے عازمین حج کی وجئے واڑہ سے روانگی

چیف منسٹر چندرا بابو نائیڈو کی مساعی، گورنمنٹ وہپ احمد شریف کا بیان

حیدرآباد۔/14 جولائی، ( سیاست نیوز) چیف منسٹر آندھرا پردیش این چندرا بابو نائیڈو آئندہ سال حج کے موقع پر اننت پور اور چتور کے عازمین کی وجئے واڑہ سے روانگی کی مساعی کررہے ہیں۔ رکن قانون ساز کونسل اور گورنمنٹ وہپ محمد احمد شریف نے اننت پور میں عازمین حج کے ٹیکہ اندازی کیمپ سے خطاب کرتے ہوئے یہ انکشاف کیا۔ انہوں نے کہا کہ تکنیکی بنیادوں پر وجئے واڑہ ایرپورٹ کو حج 2018 میں ایمبارگیشن پوائنٹ کا درجہ نہیں دیا گیا جس کے باعث عازمین حج کو حیدرآباد سے روانہ کیا جائے گا۔ چیف منسٹر این چندرا بابو نائیڈو آئندہ سال سے آندھرا پردیش کے عازمین حج کی وجئے واڑہ سے روانگی کی مساعی کررہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ حج 2018 کے عازمین کیلئے حکومت کی جانب سے ہر ممکن بہتر انتظامات کئے جارہے ہیں۔ ہر ضلع میں ٹیکہ اندازی کیمپ کا انعقاد عمل میں آرہا ہے۔ ابھی تک وجئے واڑہ، اونگول، کرنول، آتما کور، نندیال، وشاکھاپٹنم اور اننت پور میں خصوصی ہیلت کیمپ منعقد کیا گیا۔ انہوں نے کہا کہ ہر ضلع میں ٹیکہ اندازی کیمپ سے عازمین حج کو سہولت ہوئی ہے جہاں مختلف امراض کے ٹیکے دیئے جارہے ہیں تاکہ ایام حج کے دوران وہ کسی بھی مرض سے محفوظ رہیں۔ انہوں نے کہا کہ حج میں بہتر صحت کی اہمیت ہے اور فرائض حج کی انجام دہی میں مدد ملے گی۔ احمد شریف نے عازمین حج سے کہا کہ وہ زائد لگیج لے جانے کی کوشش نہ کریں مقررہ قواعد کے مطابق 22 کیلو کے 2 سوٹ کیس اور 10 کیلو کا ہینڈ کیاری لے جایا جاسکتا ہے۔ عازمین حج کو لگیج کے سلسلہ میں احتیاط کرنی چاہیئے۔ انہوں نے کہا کہ غیر ضروری سامان لے جانے سے پرہیز کیا جائے۔ زائد بیاگیج کی صورت میں ایر پورٹ حکام سامان کی اجازت نہیں دے سکتے۔ انہوں نے کہا کہ حج پروازوں کے سلسلہ میں سنٹرل حج کمیٹی سے شیڈول کی وصولی کے بعد اننت پور اور چتور کے عازمین حج 48 گھنٹے قبل بنگلور حج ہاوز پہنچ جائیں باقی اضلاع کے عازمین کی حیدرآباد سے روانگی عمل میں آئے گی۔ انہوں نے بتایا کہ حیدرآباد سے روانہ ہونے والے عازمین کے انتظامات کے سلسلہ میں تلنگانہ حج کمیٹی سے بات چیت کی گئی ہے۔ حیدرآباد کے حج کیمپ میں موثر انتظامات کئے جائیں گے۔