حیدرآباد۔ 30 مارچ (پی ٹی آئی) تلنگانہ میں ہر گھر کو انٹرنیٹ کنکشن کی فراہمی کے مقصد سے شروع کیا گیا تلنگانہ فائبر گرڈ (ٹی ۔ فائبر) پراجیکٹ وسط 2018ء تک مکمل کرلیا جائے گا۔ ریاستی وزیر انفارمیشن ٹیکنالوجی کے ٹی راما راؤ نے بتایا کہ 47,000 کیلومیٹر فائبرآپٹک نیٹ ورک بچھایا جارہا ہے اور یہ بھارت نیٹ پروگرام کے علاوہ ہے۔ انہوں نے کہا کہ پینے کے پانی کی فراہمی کیلئے ’’مشن بھاگیرتا‘‘ پائپ لائنس کے ساتھ آپٹیکل فائبر کیبلس بھی بچھائے جارہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ آئندہ سال کے وسط سے تلنگانہ ملک بھر میں پہلی ریاست ہوگی جہاں ہر گھر کو پینے کا پانی سربراہ ہوگا اور اس معاملے میں بھی تلنگانہ سرفہرست رہے گی کہ یہاں ہر گھر انٹرنیٹ سے مربوط رہے گا۔ انہوں نے کہا کہ ریاستی حکومت حیدرآباد کی تہذیب و ثقافت پر ڈیجیٹل لائبریریز قائم کرنے کی تجویز رکھتی ہے۔ سیکریٹری انفارمیشن ٹیکنالوجی جیش رنجن نے بتایا کہ حیدرآباد میں 3,000 عوامی مقامات کی نشاندہی کی جارہی ہے جہاں آئندہ ماہ سے وائی فائی سہولت فراہم کی جائے گی، تاہم تمام 3,000 مقامات کا احاطہ کرنے کیلئے 4 تا 6 ماہ درکار ہوں گے۔