آئندہ دنوں میں گرمی کی شدت میں اضافہ کا امکان

حیدرآباد ۔ 19 ۔ مارچ : ( سیاست نیوز ) : شہر میں آئندہ دو یوم کے دوران گرمی کی شدت میں مزید اضافہ ہوسکتا ہے ۔ محکمہ موسمیات کے بموجب حیدرآباد میں فی الحال درجہ حرارت 36 ڈگری ریکارڈ کیا جارہا ہے جب کہ 20 مارچ کے بعد درجہ حرارت 37 تک پہنچنے کا امکان ہے ۔ دونوں شہروں حیدرآباد و سکندرآباد میں دھوپ کی تمازت اور گرمی کی شدت سے عوام پریشان ہیں اور ان پریشانیوں سے بچنے کے لیے دوپہر کے وقت گھروں سے نکلنے سے بھی گریز کررہے ہیں ۔ محکمہ موسمیات کے ریکارڈس کے مطابق سال گذشتہ اس ماہ میں درجہ حرارت 39.1 تک پہنچ گیا تھا جب کہ اس سال مارچ کی ابتداء میں ہوئی غیر موسمی بارش کے سبب درجہ حرارت میں تیزی سے اضافہ ریکارڈ نہیں کیا جارہا ہے ۔ ماہ مارچ میں سال 2010 کے دوران درجہ حرارت 41.3 تک پہنچ گیا تھا جب کہ سال 2012 مارچ میں درجہ حرارت 40.3 تھا اس اعتبار سے جاریہ سال حیدرآباد میں گرمی کی شدت میں زیادہ اضافہ نہیں ہوا ہے لیکن اس کے باوجود دھوپ کی تپش کی وجہ کے متعلق ماہرین موسمیات کا کہنا ہے کہ شہر میں درختوں کی کمی کے سبب گرمی کی شدت زیادہ محسوس ہورہی ہے ۔ دھوپ کی شدت اور خشک ہواؤں کے باعث صورتحال میں مزید شدت محسوس کی جارہی ہے جس کی بنیادی وجہ عالمی حدت میں تبدیلی ہے ۔

محکمہ موسمیات کے بموجب ریاست آندھرا پردیش میں سب سے زیادہ درجہ حرارت فی الحال ضلع کھمم کے علاقہ بھدرا چلم میں ریکارڈ کیا جارہا ہے جہاں درجہ حرارت 40 ڈگری تک پہنچ چکا ہے ۔ جب کہ سب سے کم درجہ حرارت رائلسیما کے علاقہ آروگیہ ورم میں ریکارڈ کیا جارہا ہے جہاں پر درجہ حرارت کم سے کم 17 ڈگری ریکارڈ کیا جارہا ہے ۔ تلنگانہ کے علاقوں میں موجودہ درجہ حرارت کے متعلق محکمہ موسمیات کے ذرائع کا کہنا ہے کہ ان علاقوں میں ماہ مارچ کے دوران یہ درجہ حرارت معمول کے مطابق ہے ۔ تفصیلات کے بموجب عادل آباد میں زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت 37 اور کم سے کم 23 ریکارڈ کیا جارہا ہے جب کہ بھدرا چلم میں زیادہ سے زیادہ سے زیادہ 40 اور کم از کم 25 ڈگری ریکارڈ کیا جارہا ہے ۔ اسی طرح ہنمکنڈہ میں 36 زیادہ سے زیادہ اور کم سے کم 21 ڈگری درجہ حرارت ریکارڈ کیا جارہا ہے ۔ کھمم میں زیادہ سے زیادہ 35 ڈگری زیادہ سے زیادہ اور 23 ڈگری کم سے کم ریکارڈ کیا جارہا ہے ۔

محبوب نگر میں زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت 39 کو تجاوز کرچکا ہے جب کہ کم سے کم 29 ڈگری ہے ۔ میدک کے متعلق محکمہ موسمیات کے ریکارڈس کے بموجب زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت 35 اور کم سے کم درجہ حرارت 21 ریکارڈ کیا جارہا ہے ۔ نظام آباد اور حیدرآباد کی موسمی کیفیت میں کوئی خاص فرق نہیں ہے چونکہ نظام آباد میں بھی زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت 36 ڈگری ریکارڈ کیا گیا ہے اور کم سے کم 23 ڈگری ، راما گنڈم میں 37 ڈگری درجہ حرارت زیادہ سے زیادہ ریکارڈ کیا جارہا ہے جب کہ کم سے کم 23 ڈگری ریکارڈ کیا جارہا ہے ۔ نلگنڈہ میں بھی زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت 37 ریکارڈ کیا گیا ہے اور کم سے کم 20 ریکارڈ کیا گیا ہے ۔ مجموعی اعتبار سے محکمہ موسمیات کے اعداد و شمار کے مطابق سال گذشتہ ماہ مارچ کے اواخر میں گرمی کی شدت کافی زیادہ تھی جو کہ اس بار اتنی نہیں ہے ۔ محکمہ موسمیات کی پیش قیاسی کے بموجب 21 ، 22 اور 23 مارچ کو شہر میں زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت 37 ڈگری ہوگا جب کہ کم سے کم 23 ڈگری ہونے کا امکان ہے ۔۔