آئندہ تین ماہ کے دوران پانی کا سنگین بحران!!ن

سنگور ڈیم کی سطح آب میں مسلسل کمی ، سب کی آسمان پر نظر
حیدرآباد ۔ 27 ۔ جون : ( سیاست ڈاٹ کام ) : بارش کی کمی کے باعث ریاست میں پانی کا بحران سنگین رخ اختیار کرسکتا ہے ۔ خاص طور پر سنگور آبپاشی پراجکٹ میں پانی کی سطح تیزی سے کم ہوتی جارہی ہے اور توقع ہے کہ ستمبر تک ہی سنگور میں پانی باقی رہے گا ۔ اعلیٰ عہدیداروں کا کہنا ہے کہ اگر بارش کم ہو یا اس میں تاخیر ہو تو پھر حالات سنگین رخ اختیار کرسکتے ہیں ۔ جمعرات تک سنگور ذخیرہ آب میں پانی کی سطح 519.63 میٹرس ریکارڈ کی گئی جب کہ گذشتہ سال اسی دن یعنی 26 جون کو سنگور میں پانی کی سطح 515.43 میٹرس ریکارڈ کی گئی تھی اور 4.52 ٹی ایم سی فٹ پانی دستیاب تھا ۔ ماہرین کے اندازہ کے مطابق آئندہ تین ماہ جولائی ، اگست اور ستمبر کے دوران 0.735 ٹی ایم سی فٹ پانی بخارات کی شکل میں منظر عام سے غائب ہوجائے گا ۔ ایسے میں پہلے اور دوسرے مرحلے کے تحت آئندہ تین ماہ میں دستیاب پانی میں سے دونوں شہروں حیدرآباد و سکندرآباد کو 0.93 ٹی ایم سی ایف ٹی پانی سربراہ کیا جائے گا ۔ تیسرے اور چوتھے مرحلہ کے تحت 3.75 ٹی ایم سی ایف ٹی پانی کی سربراہی عمل میں آئے گی ۔ مزید 0.2 ٹی ایم سی ایف ٹی پانی چار اسمبلی حلقوں سدی پیٹ ، گجویل ، میدک اور نرساپور کو سربراہ کیا جائے گا اور یہ سربراہی اگلے تین ماہ کے دوران عمل میں آئے گی ۔ اس طرح تین ماہ میں دستیاب 13.8 ٹی ایم سی ایف ٹی پانی میں سے جملہ 5.615 ٹی ایم سی ایف ٹی خرچ کیا جائے گا ایسے میں صرف 8.186 ٹی ایم سی ایف ٹی پانی باقی رہ جائے گا ۔۔