آئندہ تعلیمی سال سے کے جی تا پی جی مفت تعلیم اسکیم کا آغاز

تلنگانہ کو صد فیصد خواندگی سے آراستہ کیا جائے گا ، بی سمن ٹی آر ایس ایم پی کا بیان
حیدرآباد۔ 27۔ اپریل ( سیاست نیوز)  ٹی آر ایس کے رکن پارلیمنٹ بی سمن نے کہا کہ آئندہ تعلیمی سال سے کے جی تا پی جی مفت تعلیم اسکیم کا آغاز کیا جائے گا۔ کھمم کے پارٹی پلینری میں تعلیم کے مسئلہ پر قرارداد پیش کرتے ہوئے سمن نے کہا کہ ہر شخص کو خواندہ بنانے اور ریاست کو صد فیصد خواندگی سے آراستہ کرنے کیلئے حکومت آئندہ سال کے جی تا پی جی مفت تعلیم اسکیم کا آغاز کرے گی۔انہوں نے کہاکہ متحدہ ریاست میں تعلیمی نظام درہم برہم تھا۔ غریب طلبہ کیلئے تعلیم کی کوئی مناسب سہولتیں نہیں تھیں۔ تاہم چیف منسٹر کے چندر شیکھر راؤ نے نئی ریاست میں غریب طلبہ کی تعلیم پر خصوصی توجہ مبذول کی ہے۔ انہوں نے کہا کہ تعلیم کے شعبہ میں کے سی آر ، جیوتی راؤ پھولے ، ڈاکٹر بی آر امبیڈکر اور مہاتما گاندھی کے رہنمایانہ اصولوں پر عمل کر رہے ہیں۔ انہوں نے حکومت کی جانب سے کمزور طبقات کیلئے 250 اقامتی اسکولس کے قیام کا حوالہ دیا اور کہا کہ اسکالرشپ اور فیس باز ادائیگی کے ذریعہ طلبہ کی مدد کی جارہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ تلنگانہ ریاست میں ہر طبقہ کو تعلیم کے یکساں مواقع فراہم کئے جارہے ہیں ۔ پارٹی کے ایک اور رکن پارلیمنٹ ونود کمار نے ریاست کی تقسیم کے موقع پر کئے گئے وعدوں پر عمل آوری کا جائزہ پیش کیا۔ انہوں نے کہا کہ مرکزی حکومت تقسیم کے وقت کئے گئے وعدوں پر عمل آوری میں کامیاب ہوچکی ہے ۔ مرکزی حکومت آندھراپردیش تنظیم جدید قانون میں کئے گئے تیقنات کو نظر انداز کر رہی ہے ۔ اسمبلی ارکان کی تعداد میں اضافہ کرتے ہوئے 154 کرنے سے متعلق وعدہ پر عمل آوری نہیں کی گئی ۔ اس کے علاوہ ہائی کورٹ کی تقسیم کا عمل ابھی تک شروع نہیں کیا گیا ہے ۔ حالانکہ اس بارے میں مرکز سے بارہا نمائندگی کی جاچکی ہے۔

انہوں نے مرکز سے مطالبہ کیا کہ وہ تقسیم کے موقع پر کئے گئے وعدوں پر عمل کرے۔ ڈپٹی اسپیکر پدما دیویندر ریڈی نے امن و ضبط کی صورتحال اور خواتین کے تحفظ کے مسئلہ پر قرارداد پیش کی۔ انہوں نے حکومت کی  ستائش کی کہ اس نے پولیس کو عصری سہولتوں سے آراستہ کرتے ہوئے امن و ضبط کی صورتحال کو بہتر بنانے کا موقع فراہم کیا ہے۔ پدما دیویندر ریڈی نے کہا کہ ریاست میں امن و ضبط کی صورتحال اطمینان بخش ہے ۔ خواتین پر مظالم اور ہراسانی کے واقعات سے نمٹنے کیلئے شی ٹیموں کی تشکیل حکومت کا کارنامہ ہے۔ انہوں نے کہاکہ تلنگانہ میں ناجائز کشیدہ شراب اور دیگر جرائم پر قابو پانے کیلئے خصوصی اقدامات کئے جارہے ہیں۔ وزیر برقی جگدیش ریڈی نے کے سی آر کو ایک نظریاتی قائد قرار دیا اور کہا کہ وہ ریاست کی ترقی کا ویژن رکھتے ہیں۔ پارٹی پلینری سے خطاب کرتے ہوئے وزیر برقی نے کہاکہ کم مدت میں تلنگانہ میں برقی بحران پر قابو پالیا گیا ہے ۔ شہر میں بلا وقفہ برقی کی سربراہی جاری ہے اور زراعت کے شعبہ کو وعدہ کے مطابق سربراہی جاری ہے۔ انہوں نے کہاکہ حکومت زرعی شعبہ کو برقی کی سربراہی میں بہتری کا منصوبہ تیار کر رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ اگر 10 منٹ بھی برقی سربراہی منقطع ہوتی ہے تو یہ عجیب بات تصور کی جائے گی۔ کسانوں کو 9 گھنٹے برقی سربراہی کے وعدہ پر عمل کیا جارہا ہے۔ انہوں نے وضاحت کی کہ چیف منسٹر عوام پر برقی شرحوں میں اضافہ کا بوجھ عائد کرنے کے خلاف ہیں۔ برقی شعبہ سے متعلق جگدیش ریڈی کی قرارداد کی تائید وزیر انیمل ہسبنڈری سرینواس یادو نے کی۔