آئندہ تعلیمی سال سے قبل اقامتی اور ماڈل اسکولس میں اساتذہ کے تقررات

عنقریب تقررات کے اعلامیہ کی اجرائی، ڈپٹی چیف منسٹر و وزیر تعلیم کڈیم سری ہری
حیدرآباد۔2 ڈسمبر (سیاست نیوز) ڈپٹی چیف منسٹر و وزیر تعلیم کڈیم سری ہری نے اعلان کیا کہ آئندہ تعلیمی سال تمام اقامتی اسکولس اور ماڈل اسکولس کی مخلوعہ جائیدادوں پر تقررات کا عمل مکمل کردیا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ تلنگانہ پبلک سرویس کمیشن کے ذریعہ مخلوعہ جائیدادوں پر تقررات کا فیصلہ کیا گیا ہے اور کمیشن توقع ہے کہ بہت جلد تقررات کا اعلامیہ جاری کرے گا۔ کڈیم سری ہری نے آج اقامتی اور ماڈل اسکولس لیڈرس میٹ کا افتتاح کیا۔ اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے ڈپٹی چیف منسٹر نے تمام اقامتی اسکولوں کو جونیئر کالجس میں اپ گریڈ کرنے کا اعلان کیا اور کہا کہ جہاں بھی جگہ دستیاب رہے گی آئندہ تعلیمی سال سے جونیئر کالجس کام کرنا شروع کردیں گے۔ حکومت چاہتی ہے کہ اقامتی اسکولس میں تعلیم کی تکمیل کے بعد طلباء کو جونیئر کالج کی سطح پر معیاری تعلیم کا تسلسل جاری رہے۔ انہوں نے کہا کہ ریاست میں تعلیمی معیار کو بہتر بنانے کے لئے حکومت کئی اقدامات کررہی ہے اور حکومت کا احساس ہے کہ ریاست میں انسانی وسائل کو مزید فروغ دیا جانا چاہئے۔ چیف منسٹر کے چندر شیکھر رائو کی خواہش ہے کہ تلنگانہ کے طلباء قومی سطح پر ریاست کا نام روشن کریں۔ کڈیم سری ہری نے الزام عائد کیا کہ سابقہ حکومتوں نے تعلیم کے شعبہ کو نظرانداز کردیا تھا جس کے نتیجہ میں معیار تعلیم متاثر ہوا۔ انہوں نے کہا کہ گزشتہ 10 برسوں میں سماجی بھلائی کے اقامتی اسکولس کو فنڈس اور بنیادی سہولتوں سے محروم کردیا گیا تھا۔ تلنگانہ ریاست کے قیام کے بعد حکومت نے اقامتی اسکولس اور ماڈل اسکولس کے لئے فنڈس منظور کئے ہیں۔ انہوں نے اس بات پر اطمینان کا اظہار کیا کہ معیار تعلیم میں اضافہ کے باعث اقامتی اور ماڈل اسکولس میں داخلوں کے لئے سخت مسابقت دیکھی جارہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ آئندہ جون تک تمام اسکولوں میں درکار فرنیچر اور دیگر سہولتیں فراہم کردی جائیں گی۔ انہوں نے بتایا کہ اقامتی اسکولس میں اساتذہ کی مخلوعہ جائیدادوں کے سبب دشواریوں کا سامنا تھا اور چیف منسٹر نے ان پر تقررات کی اجازت دے دی ہے۔ انہوں نے بتایا کہ سرکاری اسکولوں کے سبجیکٹ ٹیچرس کے لئے سروا سکشا ابھیان کی عمارت واقع نامپلی میں مستقل طور پر ٹیچرس ٹریننگ سنٹر قائم کیا جائے گا۔ کڈیم سری ہری نے کہا کہ تلنگانہ کے اقامتی اسکولس اور ماڈل اسکولس ملک میں اپنے معیار کے اعتبار سے کافی شہرت حاصل کرچکے ہیں۔ ڈپٹی چیف منسٹر نے کہا کہ آئندہ دو برسوں میں اقامتی اور ماڈل اسکولس کو نوودیا اور کیندریا ودیالیا کی طرز پر ترقی دی جائے گی اور معیار تعلیم میں اضافہ کیا جائے گا۔ انہوں نے بتایا کہ حکومت اسکولوں کے لئے رینکنگ اور گریڈ سسٹم متعارف کرنے کا منصوبہ رکھتی ہے۔ تقریب میں اسپیشل چیف سکریٹری راجیو آچاریہ، سکریٹری بورڈ آف انٹرمیڈیٹ اشوک اور ریسڈنشیل اسکول سوسائٹی کی سکریٹری سشو کماری اور دوسروں نے شرکت کی۔