ڈی ایس سی کے ذریعہ پی ای ٹیز کے تقررات پر غور ، ایم ایل سی جناردھن ریڈی کا خطاب
حیدرآباد ۔ 2 ۔ مارچ : ( سیاست نیوز ) : رکن قانون ساز کونسل تلنگانہ مسٹر جناردھن ریڈی نے کہا کہ حکومت تلنگانہ میں آئندہ تعلیمی سال سے ایجوکیشن پالیسی میں تبدیلیاں لاتے ہوئے جدید ایجوکیشن پالیسی کے تحت ریاست تلنگانہ میں واقع تمام مدارس میں فزیکل ایجوکیشن ٹیچرس کے تقررات عمل میں لانے پر سنجیدگی سے غور کررہی ہے ۔ وہ آج یہاں تلنگانہ پرائیوٹ فزیکل ایجوکیشن ٹیچرس اسوسی ایشن کے زیر اہتمام منعقدہ اجلاس میں مہمان خصوصی مخاطب تھے ۔ انہوں نے بتایا کہ تلنگانہ میں عنقریب ڈی ایس سی منعقد کرنے سے متعلق چیف منسٹر مسٹر کے چندر شیکھر راؤ ممکنہ اقدامات کررہے ہیں تاکہ ریاست کے سرکاری اسکولوں میں زیر تعلیم طلباء کو معیاری تعلیم کی فراہمی کو یقینی بنایا جاسکے ۔ انہوں نے کہا کہ حکومت جدید تعلیمی پالیسی کے تحت تعلیمی نصاب میں فزیکل ایجوکیشن کے مضمون کو شامل کرتے ہوئے ڈی ایس سی کے ذریعہ ریاست بھر کے تمام اسکولوں میں فزیکل ایجوکیشن ٹیچرس کے تقررات کا منصوبہ ہے ۔ تلنگانہ پرائیوٹ فزیکل ٹیچرس اسوسی ایشن کو درپیش مسائل کی یکسوئی میں اپنے بھر پور تعاون کا پیشکش کرتے ہوئے اس سلسلہ میں چیف منسٹر سے نمائندگی کا تیقن بھی دیا ۔ اس موقع پر اسٹیٹ جنرل سکریٹری تلنگانہ اولمپکس اسوسی ایشن مسٹر جگدیشور یادو ، صدر تلنگانہ فزیکل ایجوکیشن ٹیچرس اسوسی ایشن مسٹر ایس سومیشور راؤ ، صدر کبڈی اسوسی ایشن ضلع نلگنڈہ مسٹر جے کارٹیا نے بھی مخاطب کیا ۔ قبل ازیں اس موقع پر نو منتخبہ صدر تلنگانہ پرائیوٹ فزیکل ایجوکیشن ٹیچرس اسوسی ایشن مسٹر ایم سیدلو نے مخاطب کرتے ہوئے پرائیوٹ فزیکل ایجوکیشن ٹیچرس اور ان ایمپلائیڈ فزیکل ایجوکیشن ٹیچرس کو درپیش مسائل پر تفصیلی روشنی ڈالی ۔ بعد ازاں تلنگانہ ان ایمپلائز فزیکل ایجوکیشن ٹیچرس اسوسی ایشن کی تشکیل عمل میں لائی گئی ۔۔