کئی قائدین عوام کی تائید سے محروم ۔ حکومت کے اقدامات سے عوام خوش ۔ ہریش راؤ کا بیان
حیدرآباد۔30۔ جنوری (سیاست نیوز) وزیر آبپاشی ہریش راؤ نے آئندہ انتخابات میں کانگریس کو 70 نشستوں پر کامیابی کے دعویٰ کو مضحکہ خیز قرار دیا اور کہا کہ کانگریس دن میں خواب دیکھ رہی ہے۔ ہریش راؤ نے کہا کہ حکومت کی ترقیاتی اور فلاحی اسکیمات سے ریاست کے عوام مطمئن ہے اور کانگریس پارٹی پر بھروسہ نہیں کیا جائے گا۔ ہریش راؤ نے کہا کہ عوامی تائید سے محروم کانگریس قائدین آئندہ انتخابات میں تلنگانہ میں اقتدار کا خواب دیکھ رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ کانگریس دور حکومت میں کسانوں اور زراعت کے شعبہ کو نظر انداز کردیا گیا تھا ۔ کانگریس پارٹی آج کسانوں سے ہمدردی کا اظہار کر رہی ہے لیکن کسانوں کو کانگریس پر کوئی بھروسہ نہیں۔ کسانوں کی ابتر صورتحال کیلئے کانگریس پارٹی ذمہ دار ہے۔ اس کے دور حکومت میں کسان ناقص برقی و پانی کی سربراہی سے معاشی مشکلات کا شکار ہوگئے ۔ ہریش راؤ نے کہا کہ اگر کانگریس قائدین کو کسانوں سے حقیقی ہمدردی ہے تو انہیں آبپاشی پراجکٹس کی تعمیر کے خلاف عدالت میں دائر کردہ مقدمات سے دستبرداری اختیار کرنی چاہئے ۔ انہوں نے کہا کہ چیف منسٹر کے چندر شیکھر راؤ کی قیادت میں تلنگانہ حکومت مقررہ وقت پر پراجکٹس کی تکمیل کے اقدامات کر رہی ہے۔ زراعت کو منفعت بخش شعبہ میں تبدیل کرنا حکومت کا مقصد ہے۔ گزشتہ تین برسوں میں حکومت کے اقدامات سے کسان خوش ہیں۔ ہریش راؤ نے کہا کہ زرعی شعبہ کو 24 گھنٹے بلا وقفہ برقی سربراہی اور آئندہ سال فی ایکر 4 ہزار روپئے کی امداد جیسی اسکیمات سے کانگریس قائدین بوکھلاہٹ کا شکار ہیں۔ انہوں نے کہا کہ کانگریس دور حکومت میں تلنگانہ اضلاع کو نظر انداز کرتے ہوئے آندھرائی علاقوں کی ترقی پر توجہ مبذول کی گئی تھی۔ انہوں نے کہا کہ آبپاشی پراجکٹس کی تکمیل کے بعد تلنگانہ میں کوئی بھی ضلع خشک سالی سے متاثر نہیں رہے گا۔ انہوں نے کہا کہ آبپاشی پراجکٹس کی تعمیر پر ریاستی گورنر ای ایس ایل نرسمہن نے اطمینان کا اظہار کیا ہے۔ ریاست میں کوئی شعبہ ایسا نہیں جس کی کارکردگی بہتر نہ ہوئی ہو۔ فلاحی و ترقیاتی اسکیمات میں تلنگانہ ریاست ملک بھر میں سرفہرست ہے۔