آئندہ انتخابات میں کانگریس کو اکثریت کا دعویٰ مسترد

کانگریس کو ایک عددی کامیابی بھی نہیں ہوگی ، وزیر صحت ڈاکٹر لکشما ریڈی
حیدرآباد۔ 3 جنوری(سیاست نیوز) وزیر صحت ڈاکٹر لکشما ریڈی نے کانگریس کے اس دعوے کو مسترد کردیا کہ آئندہ اسمبلی انتخابات میں اسے 70 نشستیں حاصل ہوں گی۔ لکشما ریڈی نے کہا کہ کانگریس کو 70 تو کجا 7 نشستیں بھی حاصل نہیں ہوسکتیں کیوں کہ عوام نے کانگریس کو سبق سکھانے کا فیصلہ کرلیا ہے۔ لکشما ریڈی نے حکومت پر الزام تراشی اور اسکیمات میں رکاوٹ کے لیے کانگریس کو ذمہ دار قرار دیا اور کہا کہ عوام کے نزدیک کانگریس پارٹی ترقی میں اہم رکاوٹ کی حیثیت سے ابھری ہے۔ کانگریس کے قائدین جو آج عوام سے ہمدردی کررہے ہیں، وہ تلنگانہ تحریک کے دوران سیماآندھرا قائدین کے ساتھ تھے۔ انہوں نے عوام سے اپیل کی کہ ریاست کی ترقی میں رکاوٹ بننے والی کانگریس پارٹی کو شکست سے دوچار کرتے ہوئے سبق سکھائیں۔ تلنگانہ میں کانگریس اور تلگودیشم جیسی پارٹیوں کے لیے کوئی جگہ نہیں ہے۔ انہوں نے کہا کہ عوام کی بھلائی اور ترقی کے لیے ٹی آر ایس حکومت کے اقدامات میں رکاوٹ پیدا کرتے ہوئے عوام کو حکومت سے بدظن کرنے کی کوشش کی جارہی ہے۔ لکشما ریڈی نے واضح کیا کہ گزشتہ تین برسوں میں کے سی آر کی زیر قیادت ٹی آر ایس حکومت نے جو فلاحی اور ترقیاتی کام انجام دیئے ہیں اس سے عوام خوش ہیں اور انہوں نے دوبارہ ٹی آر ایس کو اقتدار دینے کا فیصلہ کیا ہے۔ انہوں نے دعوی کیا کہ 2024ء تک بھی کانگریس پارٹی کے لیے تلنگانہ میں کوئی مواقع نہیں ہیں۔ کے سی آر کی قیادت میں تلنگانہ ریاست ترقی کی راہ پر گامزن رہے گی۔ انہوں نے الزام عائد کیا کہ آبپاشی پراجیکٹس کی تکمیل میں رکاوٹ پیدا کرنے کے لیے کانگریس قائدین نے عدالت میں مقدمات دائر کیے ہیں۔ وزیر صحت نے کہا کہ چیف منسٹر تمام طبقات کی ترقی کے حق میں ہیں اور انہوں نے تمام طبقات کے لیے مساوی ترقی کے اقدامات کیے جارہے ہیں۔ کسانوں کو 24 گھنٹے برقی سربراہی کا حوالہ دیتے ہوئے لکشما ریڈی نے کہا کہ یکم جنوری سے بلاوقفہ برقی سربراہی کا آغاز کیا گیا اور یہ اسکیم ملک کی کسی اور ریاست میں عمل نہیں کی جارہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ زرعی شعبہ کے لیے یہ ایک تاریخ ساز کارنامہ ہے۔ لکشما ریڈی نے کہا کہ تلنگانہ حکومت 40 ہزار کروڑ کے خرچ سے فلاحی اسکیمات پر عمل کررہی ہے اور مشن بھگیرتا کے تحت گھر گھر صاف پینے کا پانی سربراہ کیا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ ہر ضلع میں اقامتی جونیئر کالجس قائم کیے جائیں گے۔