آئندہ انتخابات میں کانگریس کا صفایا یقینی ‘ عوام بدظن

حیدرآباد۔13جنوری ( سیاست نیوز) تلگودیشم پارٹی نے کانگریس پارٹی پر ملک کو لوٹ لینے کا الزام عائد کیا اور کہا کہ ملک بھر میں عوام کانگریس پارٹی کے خلاف بغاوت کیلئے تیار ہیں ۔ سنکرانتی تہوار منانے اپنے آبائی مقام ’’ نارا واری پلے‘‘ پہنچنے والے صدر تلگودیشم پارٹی و قائد اپوزیشن مسٹر این چندرا بابو نائیڈو نے بتایا کہ ملک و ریاست میں اشیائے ضروریہ کی بڑھتی ہوئی قیمتوں پر قابو پانے میں مرکزی و ریاستی دونوں ہی حکومتیں ناکام ہوچکی ہیںجس کے باعث عوام بالخصوص غریب عوام کافی مشکلات سے دوچار ہورہے ہیں ۔ انہوں نے صدر کانگریس کمیٹی مسز سونیا گاندھی کو کرپشن کے ایک بہت بڑے پہاڑ سے تعبیر کیا اور کہا کہ محض سونیا گاندھی کی وجہ سے ہی ہر سطح پر کرپشن فروغ پایا ہے ۔ صدر تلگودیشم پارٹی نے اپنے دورہ آبائی مقام کے موقع پرمختلف پروگرامس میں حصہ لیا ۔

اس موقع پر اظہار خیال کرتے ہوئے انہوں نے ریاست میں تلگودیشم پارٹی کے سابق دور حکومت کا تذکرہ کیا اور کہا کہ سابق تلگودیشم حکومت میں اشیائے ضروریہ کی قیمتوں پر مکمل قابو پایا جاتا تھا اور بہترین نظم و نسق اور شاندار لاء اینڈ آرڈر کی برقراری کیلئے مؤثر اقدامات کئے گئے لیکن ریاست میں موجودہ کانگریس حکومت میںہر سطح پر بڑے پیمانے پر کرپشن پایا جاتا ہے اور ساتھ ہی ساتھ ہر اشیاء کی قیمتوں میں زبردست اضافہ ہوتا جارہا ہے اور بالخصوص ریاست کا نظم و نسق بالکلیہ طور پر ٹھپ ہوچکا ہے ۔انہوں نے کہاکہ ریاست اور ملک بھر میں بہت جلد انتخابات منعقد ہونے والے ہیں ۔ ریاست کے عوام کانگریس پارٹی کو بہتر سبق سکھانے کا تہیہ کرچکے ہیں اور تلگودیشم پارٹی کو شاندار کامیابی سے ہمکنار کرنے کا فیصلہ کرلیا ہے ۔ مسٹر چندرا بابو نائیڈو نے کہاکہ ریاست میں تلگودیشم پارٹی کے برسراقتدار آنے کے ساتھ ہی پکوان گیاس کی قیمتوں میں فی الفور کمی کردی جائے گی اور ساتھ ہی ساتھ عوام کیلئے مختلف فلاح و بہبودی اقدامات بھی کئے جائیں گے ۔ انہوں نے کانگریس اور وائی ایس آر کانگریس پارٹیوں کو اپنی سخت تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ کانگریس اور وائی ایس آر کانگریس پارٹیوں کے قائدین جنگلاتی علاقوں سے سرخ صندل کی لکڑی کی اسمگلنگ میں ملوث پائے جارہے ہیں ۔

اس طرح ریاست بالخصوص ضلع چتور میں ’’ ویرپن ‘‘ کی تعداد میں زبردست اضافہ ہوچکاہے ۔مسٹر چندرا بابو نائیڈو نے ریاست کی تقسیم کا تذکرہ کرتے ہوئے کہا کہ آندھراپردیش کی تقسیم کوئی مناسب طریقہ کے ساتھ انجام نہیں دی جارہی ہے ۔لہذا دونوں علاقوں کے اہم قائدین کوایک مقام پر بیٹھ کر بات چیت کرنے کا مشورہ دیا ۔ انہوں نے کہا کہ محض تلگودیشم پارٹی کو نقصان پہنچانے کیلئے ہی کانگریس پارٹی نے علحدہ ریاست تلنگانہ کی تشکیل عمل میں لانے کا فیصلہ کیا ہے ۔