تلنگانہ کانگریس ریسرچ ڈپارٹمنٹ کا افتتاح پروفیسر راجیو گوڑا
حیدرآباد /29 اگست ( سیاست نیوز ) صدر آل انڈیا کانگریس کمیٹی ریسرچ ڈپارٹمنٹ و قومی ترجمان پروفیسر راجیو گوڑا نے آج آدرش نگر بشیر باغ میں واقع علی گڑھ کلب کی بالائی منزل پر جدید ٹکنالوجی سے آراستہ تلنگانہ کانگریس ریسرچ ڈپارٹمنٹ کے آفس کا افتتاح کیا ۔ اس موقع پر صدر تلنگانہ پردیش کانگریس کمیٹی اتم کمار ریڈی ترجمان تلنگانہ پردیش کانگریس کمیٹی ڈاکٹر شرون خازن جی نارائن ریڈی کے علاوہ دوسرے قائدین موجود تھے ۔ سکریٹری اے آئی سی سی شعبہ ریسرچ و تلنگانہ ریسرچ ڈپارٹمنٹ کے انچارج عامر جاوید نے مہمانوں کا خیرمقدم کیا ۔ پروفیسر راجیو گوڑا نے تلنگانہ کی ریسرچ ٹیم سے مختلف امور پر تبادلہ خیال کرنے کے بعد خطاب کرتے ہوئے کہا کہ آئندہ انتخابات میں ٹی آر ایس کا سورج غروب ہوجائے گا اور کانگریس کا طلوع ہوگا ۔ تمام محاذوں پر ناکام ہونے والی ٹی آر ایس کو اقتدار پر برقرار رہنے کا اخلاقی حق بھی نہیں ہے ۔ تلنگانہ میں قرضوں کا بوجھ بلندی پر ہے اور ترقی زوال پذیر ہے ۔ سونیا گاندھی نے سماجی انصاف کیلئے علحدہ تلنگانہ ریاست تشکیل دیا تھا لیکن چیف منسٹر کے سی آر نے سماج کے تمام طبقات کو نظر انداز کرتے ہوئے صرف اپنے ارکان خاندان کی ترقی پر توجہ دی ہے ۔ صدر تلنگانہ پردیش کانگریس کمیٹی اتم کمار ریڈی نے کہا کہ ریاست میں جب بھی انتخابات منعقد ہوں گے ۔ کانگریس پارٹی بھاری اکثریت سے کامیابی حاصل کرے گی اور کامیابی میں سماج کے تمام طبقات کے ساتھ نوجوانوں کا اہم رول رہے گا ۔ انہوں نے توقع کا اظہار کیا کہ عامر جاوید کی قیادت میں ریسرچ ٹیم ٹی آر ایس حکومت کی ناکامیوں کو آشکار کرنے میں اہم رول ادا کرے گی اور ساتھ ہی کانگریس اور ٹی آر ایس حکومتوں کے دور کا تقابل کرتے ہوئے ترقی اور بہبود اور تعمیری کاموں کے معاملے میں جو رپورٹس تیار کرے گی وہ پارٹی کو عوام کے درمیان پہونچنے میں کارآمد ثابت ہوگی ۔ سکریٹری اے آئی سی سی شعبہ ریسرچ عامر جاوید نے کہا کہ تلنگانہ میں کانگریس کی حکمرانی یقینی ہے ۔ مسلم تحفظات کے علاوہ کئی وعدوں سے انحراف کرتے ہوئے ٹی آر ایس نے مسلمانوں کو مایوس کیا ہے اور ساتھ ہی فرقہ پرستوں سے قریب ہوتے ہوئے مسلمانوں کے زخموں پر نمک چھڑکا ہے ۔ انکا ریسرچ ڈپارٹمنٹ باصلاحیت پروفیشنل پر مشتمل ہے ۔ جو نہ صرف حکومت کی ناقص کارکردگی کو عوام کے سامنے پیش کرے گا بلکہ عوامی مسائل سے واقفیت حاصل کرتے ہوئے اس کی یکسوئی کیلئے پارٹی قیادت کو تجاویز بھی پیش کرے گا ۔