بی جے پی سے اتحاد کی مفاہمت مسترد ، جتیندر ریڈی ٹی آر ایس ایم پی کا ادعا
حیدرآباد ۔ 30 ۔ اگست (سیاست نیوز) ٹی آر ایس کے رکن پارلیمنٹ جتیندر ریڈی نے کہا کہ آئندہ عام انتخابات میں بی جے پی سے کوئی مفاہمت نہیں کی جائے گی اور ٹی آر ایس تنہا مقابلہ کرے گی۔ میڈیا کے نمائندوں سے بات چیت کرتے ہوئے جتیندر ریڈی نے کہا کہ شہر کی مقامی جماعت کے ساتھ چند نشستوں کیلئے مفاہمت ممکن ہے لیکن ریاست گیر سطح پر کسی بھی پارٹی سے مفاہمت کا سوال ہی پیدا نہیں ہوتا۔انہوں نے بعض ارکان پارلیمنٹ کی بی جے پی شمولیت سے متعلق میڈیا میں پیش کی جارہی اطلاعات کو بے بنیاد قرار دیا اور کہا کہ ایک بھی رکن پارلیمنٹ کے پارٹی چھوڑنے کا سوال ہی پیدا نہیں ہوتا۔ میڈیا کی جانب سے غیر ضروری طور پر اس طرح کی خبریں عام کی جارہی ہے ۔ انہوں نے کہا کہ ریاست کے مفادات کے پیش نظر ٹی آر ایس مرکز کی این ڈی اے حکومت کی تائید کر رہی ہے ۔ مسائل کی بنیاد پر بعض امور میں تائید کی گئی تاکہ ریاست کی ترقی کے لئے مرکز کا تعاون حاصل کیا جاسکے۔ انہوں نے کہا کہ مرکز کے مخالف عوام کسی بھی فیصلہ کی ہرگز تائید نہیں کی جائے گی۔ انہوں نے کہا کہ آبپاشی پراجکٹس کی تکمیل کے سلسلہ میں مرکز سے تعاون حاصل کیاجائے گا ۔ جتیندر ریڈی کے مطابق جی ایس ٹی سے فلاحی اسکیمات کو مستثنیٰ رکھنے کیلئے تلنگانہ حکومت مرکز سے جدوجہد کر رہی ہے ۔ جی ایس ٹی کے آئندہ ماہ ہونے والے اجلاس میں چیف منسٹر کے چندر شیکھر راؤ اس سلسلہ میں نمائندگی کریں گے۔