حیدرآباد۔13جنوری ( سیاست نیوز) بی جے پی لیڈر ایم وینکیا نائیڈو نے اس یقین کا اظہار کیا کہ چیف منسٹر گجرات نریندر مودی کی قیادت میں پارٹی تقریباً 300لوک سبھا نشستوں پر کامیابی حاصل کرے گی اور مرکز میں بی جے پی کی حکومت ہوگی ۔ انہوں نے یہاں ایک تقریب میں شرکت کے بعد میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ آئندہ انتخابات میں وہ صرف بولنگ پر توجہ دیں گے
جب کہ وزارت عظمی امیداور نریندرمودی آخری گیند تک بیٹنگ کرتے رہیں گے ۔ انہوں نے کہا کہ نریندر مودی ٹریپل سنچری بناتے ہوئے کانگریس کو اقتدار سے بیدخل کردیں گے ۔ بی جے پی لیڈر نے کہا کہ آئندہ سنکرانتی تہوار تک کانگریس خود اپنی غلطیوں کی وجہ سے منظر سے غائب ہوجائے گی ۔ انہوں نے کانگریس پر نریندرمودی کو غیر معمولی عوامی تائید کی وجہ سے عام آدمی جیسی پارٹیوں کی حوصلہ افزائی کا الزام عائد کیا ۔انہوں نے کہا کہ ریاست کی تقسیم کے تعلق سے بی جے پی اپنے موقف پر قائم ہے ۔