آئندہ انتخابات میں بھی چندرا بابو نائیڈو کی کامیابی

تلگو اخبار کے سروے کے حیرت انگیز انکشافات
حیدرآباد /29 نومبر ( سیاست نیوز ) آندھراپردیش میں پائی جانے والی موجودہ سیاسی صورتحال کی روشنی میں ایک تلگو روزنامہ کی جانب سے گذشتہ دنوں کئے گئے مشترکہ سروے میں سیاسی پارٹیوں کے موقف سے متعلق ہوئے حیرتناک انکشافات کے مطابق صدر وائی ایس آر کانگریس پارٹی و قائد اپوزیشن مسٹر وائی ایس جگن موہن ریڈی کے مقابلہ میں آئندہ منعقد ہونے والے انتخابات میں بھی صدر قومی تلگودیشم پارٹی ، چیف منسٹر آندھراپردیش مسٹر این چندرا بابو نائیڈو کو ہی آئندہ چیف منسٹر عہدے کی ریس میں زبردست سبقت حاصل ہے ۔ بتایا جاتا ہے کہ قائد اپوزیشن مسٹر جگن موہن ریڈی کی تائید میں سروے کے مطابق اکثریت کسانوں کی پائی جاتی ہے اور ( زرعی مزدور ) بھی شامل ہیں کیونکہ سابق میں قائد اپوزیشن مسٹر وائی ایس جگن موہن ریڈی کے والد سابق چیف منسٹر ڈاکٹر وائی ایس راج شیکھر ریڈی کی جانب سے کسانوں کی فلاح و بہبود کیلئے روبہ عمل لائی گئی ۔ اسکیمات میں آج وائی ایس جگن موہن ریڈی کی کسان تائید کرنے کی اہم وجہ ہے ۔ بتایا جاتا ہے کہ وائی ایس جگن موہن ریڈی کو زرعی شعبہ سے تعلق رکھنے والوں کی زبردست تائید و حمایت آج بھی برقرار ہے ۔ جبکہ مسٹر این چندرا بابو نائیڈو کو زرعی شعبہ سے تعلق رکھنے والوں کی تائید میں ہی کم پائی جاتی ہے ۔ اس سروے کے مطابق بتایا جاتا ہے کہ ریاست آندھراپردیش میں 39.72 فیصد کسان زرعی مزدور وائی ایس آر کانگریس پارٹی کے حق میں اپنی رائے کا اظہار کیا ۔ جبکہ تلگودیشم پارٹی کی تائید کرنے والوں میں زیادہ تر فیصد کاروباری افراد ( تاجر پیشہ افراد ) ہی پائے جاتے ہیں ۔ علاوہ ازیں تلگودیشم پارٹی کو تمام طبقات کے منجملہ زائد از 44 فیصد عوام کی تائید چیف منسٹر آندھراپردیش مسٹر این چندرا بابو نائیڈو کو بھی حاصل ہے ۔ بالخصوص زائد از 49.21 فیصد تاجر پیشہ افراد نے سائیکل کی تائید میں اپنا اظہار خیال کیا ہے ۔ یہاں یہ بات قابل ذکر ہے کہ وائی ایس آر کانگریس پارٹی کو کسی بھی طبقہ یا شعبہ سے 40 فیصد تائید بھی حاصل نہیں ہے ۔