وائی ایس آر کانگریس کو اقتدار پر اقلیتوں کی فلاح و بہبودممکن ، اقلیتوں کے اجلاس سے اقلیتی قائدین کا خطاب
حیدرآباد /3 اکٹوبر ( سیاست نیوز ) قومی جنرل سکریٹری وائی ایس آر کانگریس پارٹی اقلیتی سیل و سابق رکن قانون ساز کونسل مسٹر رحمن نے اقتدار کے حصول اور سیاسی مفادات کیلئے موقع کے لحاظ سے چیف منسٹر آندھراپردیش چندرا بابو نائیڈو کو رنگ بدلنے کے ماہر قائد قرار دیا اور کہا کہ آئندہ انتخابات میں ریاستی عوام اس موقع پرست قائد چندرا بابو کو بہتر سبق سکھائیں گے ۔ آج ضلع اننت پور کے پینو کونڈہ میں واقع شادی محل میں مسلم اقلیتوں کے منعقدہ ایک جلسہ سے خطاب کرتے ہوئے مسٹر رحمن نے کہا کہ آئندہ اسمبلی انتخابات میں وائی ایس آر کانگریس پارٹی بہرصورت اقتدار حاصل کرے گی اور تب جگن موہن ریڈی کی اقلیتوں کیلئے اسکیمات سے مسلم طبقات میں خوشحال پائی جائے گی ۔ ہندوپور پارلیمانی حلقہ کوآرڈینیٹر وائی ایس آر کانگریس پارٹی مسٹر ندیم احمد نے کہا کہ گذشتہ انتخابات کے موقع پر ہی بی جے پی نے وائی ایس آر کانگریس پارٹی سے انتخابی مفاہمت کی کوشش کی تھی ۔ لیکن مسٹر وائی ایس جگن موہن ریڈی نے بی جے پی کے ساتھ مفاہمت کے معاملہ کو مسترد کردیا تھا ۔ جس کے بعد ہی چندرا بابو نائیڈو نے بی جے پی کے ساتھ انتخابی مفاہمت کرکے کامیابی حاصل کی تھی اور چار سال تک بی جے پی کے ساتھ مفاہمت کو جاری رکھنے کے بعد آج بی جے پی سے دوری اختیار کرکے وائی ایس آر کانگریس پارٹی پر بی جے پی کے ساتھ انتخابی مفاہمت کرلینے کے الزامات عائد کر رہے ہیں ۔ مسلمانوں کو متحدہ ریاست آندھراپردیش میں چار فیصد تحفظات فراہم کئے تھے ۔ اس جلسہ سے ریاستی صدر اقلیتی سیل وائی ایس آر کانگریس پارٹی مسٹر قادر باشا ، انچارج حلقہ لوک سبھا وجئے واڑہ وائی ایس آر کانگریس پارٹی و سابق انسپکٹر جنرل آف پولیس مسٹر شیخ محمد اقبال ، وائی ایس آر کانگریس پارٹی اقلیتی سیل قائدین فخرالدین ، شکیل احمد ، الیاس امام ایم شنکر ، نارائن و دیگر قائدین نے بھی مخاطب کیا ۔