سکریٹری سی پی آئی کے راماکرشنا کا ادعا، مرکزی حکومت پر ریاست کے ساتھ ناانصافی کا الزام
حیدرآباد /28 فروری ( سیاست نیوز ) آندھراپردیش ریاستی سی پی آئی کمیٹی سکریٹری مسٹر کے راما کرشنا نے پرزور الفاظ میں کہا کہ آئندہ منعقد شدنی عام انتخابات تک آندھراپردیش میں تلگودیشم اور وائی ایس آر کانگریس پارٹی کے متبادل ایک تیسرے اتحاد ( اتحادی فرنٹ ) کو تشکیل دینے کو یقینی بنایا جائے گا اور بالخصوص بائیں بازو جماعتوں جناسینا پارٹی اور لوک ستہ پارٹی کے ساتھ ملکر تیسرے متبادل کا قیام عمل میں لانے کا آغاز کردیا گیا ۔ مسٹر راما کرشنا نے مرکزی حکومت کو تنقید کا نشانہ بنایا اور کہا کہ آندھراپردیش کے ساتھ مرکزی حکومت بالخصوص وزیراعظم مسٹر نریندر مودی بہت زیادہ ناانصافی کر رہے ہیں ۔ سکریٹری ریاستی سی پی آئی نے مرکزی حکومت پر طنز کرتے ہوئے کہا کہ مسٹر ایم وینکیا نائیڈو کو نائب صدر جمہوریہ ہند کا عہدہ تو حاصل ہوگیا لیکن ریاست آندھراپردیش کو اب تک خصوصی موقف حاصل نہیں ہوسکا ۔ انہوں نے حکومت آندھراپردیش سے پارٹنر شپ کانفرنس میں سرمایہ کاری سے متعلق کئے گئے معاہدات کی مکمل تفصیلات پر مشتمل فی الفور وائیٹ پیپر جاری کرنے کا پرزور مطالبہ کیا ۔ اسی دوران رکن پولیٹ بیورو سی پی آئی ایم مسٹر راگھولو نے ریاست آندھراپردیش کیلئے خصوصی موقف کی فراہمی میں مرکزی حکومت کے طرز عمل کو سخت تنقید کا نشانہ نہ بنایا اور آندھراپردیش کو خصوصی عہدہ فراہم کرنے کے مطالبہ پر یکم مارچ سے احتجاجی پروگرامس منظم کئے جائیں گے ۔ انہوں نے مزید کہا کہ آندھراپردیش کیلئے خصوصی موقف کی فراہمی خصوصی ریلوے زون فراہم کرنے کے مطالبہ پر مرکزی حکومت کے خلاف پیش کی جانے والی مجوزہ تحریک عدم اعتماد کی سی پی آئی ایم کی جانب سے بھرپور تائید کی جائے گی ۔