آئندہ انتخابات دو ریاستوں میں ہوں گے: مدھو یاشکی گوڑ

حیدرآباد۔/15جنوری، (آئی این این ) نظام آباد کے رکن پارلیمنٹ مدھو یاشکی گوڑ نے آج یہ دعویٰ کیا ہے کہ آئندہ انتخابات دو ریاستوں تلنگانہ اور مابقی آندھرا پردیش میں ہوں گے۔ انہوں نے میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ آئندہ چند ہفتوں میں تلنگانہ ریاست ایک حقیقت ہوگی کیونکہ ریاستی تنظیم جدید بل کو بناء کسی رکاوٹ کے پارلیمنٹ میں منظور کرلیا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ پارلیمنٹ میں تلنگانہ بل کی منظوری کے فوری بعد ریاست کی تقسیم کیلئے رسمی کارروائی مکمل کرلی جائے گی۔ کانگریس رکن پارلیمنٹ نے چیف منسٹر این کرن کمار ریڈی پر تلنگانہ ریاست کی تشکیل میں رکاوٹ پیدا کرنے کی کوشش کا الزام عائد کیا۔ تاہم انہوں نے کہا کہ تلنگانہ بل کسی وزیر کے قلمدان کی طرح نہیں ہے جسے چیف منسٹر اپنی مرضی کے مطابق تبدیل کریں۔انہوں نے کہا کہ چیف منسٹر کو تلنگانہ کے تعلق سے اپنا موقف تبدیل کرنا چاہئے۔

عام آدمی پارٹی کی رکنیت سازی مہم
حیدرآباد۔/15جنوری، ( این ایس ایس ) عام آدمی پارٹی نے دہلی انتخابات میں کامیابی اور عوام کے غیر معمولی ردِ عمل کو دیکھتے ہوئے مجوزہ عام انتخابات کے پیش نظر طاقتور کیڈر تیار کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔پارٹی نے 10جنوری سے ’’ میں بھی عام آدمی ‘‘ نعرہ کے ساتھ رکنیت سازی مہم شروع کی اور سارے ملک بشمول آندھرا پردیش میں 26جنوری تک کم از کم ایک کروڑ نشانہ کا منصوبہ ہے۔ پارٹی کا یہ پروگرام مختلف مقامات پر جاری ہے اور عوام اس میں شمولیت اختیار کررہے ہیں۔ پارٹی نے عوام کو مشورہ دیا ہے کہ وہ رجسٹریشن فارم آن لائن داخل کریں یا موبائیل فون پر ایس ایم ایس بھی کرسکتے ہیں۔
عام آدمی پارٹی آندھرا پردیش کے لیڈر اوما شنکری نے عوام سے خواہش کی ہے کہ وہ خود رکنیت حاصل کرنے کے ساتھ ساتھ اپنے قریبی ساتھیوں کو بھی رضامند کریں۔