آئمہ و موذنین کے اعزازیہ میں اضافہ قابل ستائش

انجمن سجادگان و متولیان کا خیر مقدم
حیدرآباد ۔ 28 ۔ اگست : ( راست ) : صدر انجمن سجادگان و متولیان تلنگانہ و آندھرا ، مولانا سید شاہ علی اکبر نظام الدین حسینی صابری ، معتمد مولانا سید محمد قبول باشاہ قادری الشطاری ، اراکین عاملہ مولانا سید صدیق حسینی قادری ، مولانا سید یوسف حسینی ، مولانا سید اسرار حسین رضوی المدنی ، مولانا سید محمود بادشاہ قادری زرین کلاہ ، مولانا سید حسن ابراہیم حسینی سجاد پاشاہ قادری ، مولانا میر فراست علی شطاری ، مولانا سید ظہیر الدین صوفی قادری ، مولانا اکرم پاشاہ قادری تخت نشین ، مولانا سید وصی اللہ حسینی قادری ، مولانا اسلم حسین حافظی اور جناب ظہیر احمد خاں متولی کوہ مولی نے اپنے ایک مشترکہ بیان میں آئمہ و موذنین کے ماہانہ اعزازیہ میں 5000 روپئے اضافہ کرنے پر چیف منسٹر تلنگانہ کے اس اقدام کو قابل ستائش قرار دیا اور کہا کہ اس سلسلہ میں ابتداء سے ہماری انجمن نے کئی مرتبہ مطالبہ کیا تھا چنانچہ اب ہمارے دیرینہ مطالبہ کو ریاستی حکومت نے عملا منظوری دے دی ہے ۔ مشترکہ بیان میں ریاستی حکومت کو اس طرف توجہ دلائی گئی ہے کہ انتظامی سطح پر بہ پابندی ہر ماہ ان رقومات کو آئمہ و موذنین کے بینک اکاونٹس میں منتقل کرنے کو یقینی بنایا جائے ۔ اس میں شک نہیں کہ سابقہ حکومتوں نے مسلمانوں سے انصاف نہیں کیا جس کی وجہ سے مسلمانوں کے بیشتر مسائل حل طلب ہیں ۔ اب جب کہ موجودہ ریاستی حکومت تلنگانہ مسلمانوں کی تعلیمی و معاشی پسماندگی کو دور کرنے کے اقدامات کررہی ہے تو اس میں مزید بہتری کے ساتھ عملا تاخیر کے طریقہ کار کو دور کرنا چاہئے ۔ اس موقع پر سجادگان و متولیان نے تلنگانہ حکومت سے مطالبہ کیا کہ مذہبی اداروں کے قدیم منظورہ عطیات نقدی ( یومیہ و معمولات ) میں بھی اضافہ کر کے اس کی اجرائی کی طرف توجہ کرے ۔ جیسا کہ حکومت کرناٹک نے عطیات نقدی میں موجودہ گرانی کے پیش نظر اس میں کافی اضافہ کردیا ہے ۔ اس کی نظیر موجود ہے ۔ ۔