صدر اقلیتی مالیاتی کارپوریشن اکبر حسین کی درگاہ یوسفینؒ پر حاضری ۔کے سی آر کیلئے خصوصی دعائیں
حیدرآباد ۔ 28 ۔ اگست : ( سیاست نیوز ) : چیف منسٹر کے چندر شیکھر راؤ نے ہمیشہ سے مسلمانوں کی فلاح و بہبود کیلئے ٹھوس اقدامات کئے ہیں اور مسلم برادری کو اپنا خاندان تصور کرتے ہیں اور ان کی کافی قدر و عزت کرتے ہیں اور خاص طور پر آئمہ و موذنین کو کافی اہمیت دیتے ہوئے ان کیلئے ایک تاریخ ساز فیصلہ کرکے اعلان کیا کہ تلنگانہ کے سارے آئمہ اور موِذنین کیلئے ہر ماہ 5 ہزار روپئے اعزازیہ فراہم کیا جائے ۔ جس پر ٹی آر ایس اقلیتی قائدین میں زبردست جوش و خروش کا ماحول پیدا ہوگیا اور چیف منسٹر کے حق میں خصوصی دعائیں مانگتے ہوئے اور آئمہ و موذنین کیلئے پانچ ہزار روپئے اعزازیہ کا خیر مقدم کرتے ہوئے صدر نشین اقلیتی مالیاتی کارپوریشن چیرمین و رکن وقف بورڈ وحید احمد ، محمد افضل اور دیگر اقلیتی قائدین نے آج درگاہ یوسفینؒ نامپلی پر پہنچ کر مزار اقدس پر چادر گل پیش کرکے کے سی آر کے حق میں خصوصی دعائیں کیں کہ ٹی آر ایس پارٹی کو آئندہ دنوں میں بھاری اکثریت سے کامیابی حاصل ہو ۔ اکبر حسین نے کہا کہ چیف منسٹر ایسی واحد شخصیت ہیں جو مسلمانوں کے درد و پریشانیوں کو مد نظر رکھتے ہوئے ان کی فلاح و بہبود کیلئے ایسے فلاحی اسکیمات جاری کررہے ہیں جن سے مسلمانوں کو مدد مل رہی ہے ۔ چاہے وہ تعلیم کے میدان میں ہو یا روزگار کا مسئلہ کیوں نہ ہو ۔ ہر شعبہ میں مسلمانوں کو مدد فراہم کررہی ہے ۔ کے سی آر نے ائمہ اور موذنین کو ایسا تحفہ دیا ہے جو کہ قابل مبارکباد ہے ۔ امید ہے کہ کے سی آر کے حق میں آئمہ اور موذنین کی دعائیں شامل ہونگی۔ واضح رہے کہ آج تک کسی حکومت نے آئمہ اور موذنین کی فلاح و بہبود کیلئے کوئی قدم نہیں اٹھایا ۔ صرف کے سی آر نے اٹھاتے ہوئے بڑی دلچسپی سے آئمہ اکرام اور موذنین حضرات کو ہر شعبہ جات میں مالی امداد فراہم کرنے کا ذہن بنا چکے ہیں اور ان کے لیے اوقافی جائیدادوں کی نشاندہی کے بعد ان اراضیات کو آئمہ اور موذنین میں تقسیم کرنے کا بھی نیک ارادہ رکھتے ہیں ۔ آئندہ ماہ سے بے روزگار نوجوانوں کو اقلیتی مالیاتی کارپوریشن کی جانب سے ٹیکسی گاڑیاں فراہم کرنے کا بھی فیصلہ کیا گیا ہے ۔ آن لائن کے ذریعہ درخواستوں کو قبول کیا جائے گا ۔ اور ساتھ ہی ساتھ قرضہ جات میں سبسیڈی فراہم کروائی جائے گی ۔