مرکزی حکومت پر اپوزیشن جماعتوں کو ہراساں کرنے کا الزام : وائی راما کرشنوڈو
حیدرآباد ۔ /7 اکٹوبر (سیاست نیوز) ریاستی وزیر فینانس و امور مقننہ آندھراپردیش مسٹر وائی راما کرشنوڈو نے مرکزی حکومت کو سخت تنقید کا نشانہ بنایا ۔ بالخصوص مرکزی وزیر مسٹر ارون جیٹلی کی جانب سے کئے گئے بعض ریمارکس کا مضحکہ اڑایا اور سال 2019 ء میں منعقد ہونے والے انتخابات کو استحکام و شرانگیز اتحاد کے مابین مقابلہ ہونے کا اظہار کرنا سوائے ایک ’’جوک‘‘ (مذاق) کے اور کچھ نہیں ہے ۔ آج اخباری نمائندوں سے بات چیت کرتے ہوئے مسٹر راما کرشنوڈو نے استحکام کے نام پر ہی عوام کے دیئے ہوئے فیصلہ کو بی جے پی نے فراموش کردیا ۔ جمہور یہ اقدار و دستوری اقدار کا تحفظ نہ کرنے والی مستحکم حکومتوں کی کیا ضرورت ہے ۔ انہوں نے مرکزی بی جے پی حکومت کو اپنی سخت تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ اپوزیشن جماعتوں کو کچل ڈالنے والی ہرگز مستحکم حکومت نہیں ہوگی ۔ جبکہ بی جے پی کی زیرقیادت مرکزی حکومت اپوزیشن جماعتوں کو ڈرا دھمکاکر اپنا شکنجہ کسنے کی کوشش کررہی ہے ۔ وزیر موصوف نے کمزور و پسماندہ طبقات پر حملوں و ظلم و زیادتیوں کے واقعات میں روز بروز اضافہ ہونے کے پیش نظر سخت تشویش کا اظہار کیا اور بتایا کہ پٹرولیم اشیاء کی قیمتوں ، زرعی کھاد ، پکوان گیاس اور اشیائے ضروریہ کی قیمتوں میں من مانی اضافہ کے نتیجہ میں عوام کو دن میں ہی تارے دکھائی دے رہے ہیں ۔ ریاستی وزیر فینانس نے مرکزی بی جے پی زیرقیادت حکومت کو ہدف ملامت بنایا اور کہا کہ بی جے پی حکومت میں روپئے کی قدر میں کافی کمی واقع ہوئی ہے اور ہر شعبہ میں حکومت کی ناکامیاں عیاں ہوچکی ہیں ۔ مسٹر وائی راما کرشنوڈو نے پرزور الفاظ میں کہا کہ ریاست کے عوام ہرچیز کو برداشت کرسکتے ہیں لیکن دھوکہ و دغا بازی کو ہرگز برداشت نہیں کریں گے ۔ مرکزی بی جے پی حکومت اور وائی ایس آر کانگر یس پارٹی کے مابین خفیہ مفاہمت کا تذکرہ کرتے ہوئے مسٹر وائی راما کرشنوڈو نے کہا کہ وائی ایس آر کانگر یس پارٹی کے ارکان پارلیمان کے استعفے دینے کے ڈراموں کیلئے ’کلائمکس‘ خود مرکزی الیکشن کمیشن کا بیان ہے ۔ جس کے ذریعہ مرکزی الیکشن کمیشن نے واضح طور پر بتایا دیا کہ وائی ایس آر کانگر یس پارٹی کے مستعفی ہونے والے ارکان پارلیمان کے حلقوں میں انتخابات منعقد نہیں کئے جائیں گے ۔ انہوں نے پرزور الفاظ میں کہا کہ بی جے پی اور وائی ایس آر کانگریس پارٹی کے مابین اندرونی سمجھوتہ کا اس سے زیادہ اور کس ثبوت کی ضرورت ہے ۔ وزیر فینانس آندھراپردیش مسٹر وائی راما کرشنوڈو نے بی جے پی اور وائی ایس آر کانگریس جیسی لالچی و دھوکہ دینے والی پارٹیوں کو عوام آئندہ بہتر سبق سکھائیں گے ۔