ء2018 امریکہ کیلئے سودمندثابت ہوگا: ٹرمپ

نئے سال کی پارٹی میں خاتون اول اور بیٹے بیرن کے ساتھ شرکت

واشنگٹن ۔ یکم ؍ جنوری (سیاست ڈاٹ کام) امریکی صدر ڈونالڈ ٹرمپ نے آج نئے سال کی پارٹی میں خاتون اول میلانیا کے ساتھ شرکت کی جس کا انعقاد مار۔ اے ۔ لاگو جو ان کی ساحلی تفریح گاہ ہے، میں کیا گیا تھا۔ اس موقع پر انہوں نے کہا کہ امریکہ کیلئے 2018ء بہترین سال ثابت ہوگا۔ موصوف وائیٹ ہاؤس میں بطور امریکی صدر اپنے ایک سال کی تکمیل کے قریب ہیں جہاں انہوں نے دعویٰ کیاکہ 2017ء کے دوران امریکی معیشت کو زبردست استحکام حاصل ہوا ہے جبکہ2018 ء کا آغاز بھی اچھا ہے۔ ٹرمپ نے اس موقع پر ری پبلکن ٹیکس کٹوتی منصوبے کے چند نکات کو بھی اجاگر کیا جو ٹرمپ انتظامیہ کی پہلی مقننہ فتح ہے۔ انہوں نے الاسکا میں تیل اور قدرتی گیس کی نکاسی کے لئے الاسکا کے دوردراز آرکٹک نیشنل وائلڈ لائف ریفیوج کے علاوہ اور اوباما کیئر کو کالعدم قرار دینے کا بھی تذکرہ کیا جہاں ہر شخص کو ہیلتھ انشورنس حاصل کرنے یا پھر حاصل نہ کرنے کی صورت میں جرمانہ ادا کرنے کا لزوم تھا۔ انہوں نے کہا کہ اوباما کیئر عوام میں انتہائی غیرمقبول تھا اور اس کا خاتمہ کرکے ہم نے اچھی شروعات کی ہے لہٰذا یہ بات وثوق سے کہی جاسکتی ہے کہ 2018ء ہمارے لئے انتہائی مبارک اور فائدہ مند ثابت ہوگا جہاں اسٹاک مارکٹ کا فروغ اور امریکہ میں متعدد کمپنیوں کی آمد متوقع ہے۔ البتہ جب صدر موصوف سے شمالی کوریا کے قائد کم جونگ ان کی جانب سے امریکہ کو دی جانے والی دھمکیوں کے بارے میں استفسار کیا گیا تو انہوں نے ٹال مٹول سے کام لیتے ہوئے صرف اتنا کہا کہ ’’ہم دیکھیں گے‘‘۔ نئے سال کی اس پارٹی میں صدر اور خاتون اول کے علاوہ دیگر اعلیٰ سطحی عہدیدار کیساتھ ساتھ ٹرمپ کے چھوٹے بیٹے بیرن بھی موجود تھے۔