ء2011 بم دھماکے: بھٹکل اور ساتھی کیخلاف چارج شیٹ

ممبئی ۔16 جون (سیاست ڈاٹ کام) مہاراشٹرا پولیس نے 2011ء ممبئی بم دھماکوں کے سلسلہ میں انڈین مجاہدین کے معاون بانی یٰسین بھٹکل اور اس کے ساتھی اسداللہ اختر کے خلاف خصوصی عدالت میں اضافی چارج شیٹ ہدایت کی ہے۔ انسداد دہشت گردی اسکواڈ (اے ٹی ایس) نے 300 صفحات پر مشتمل دستاویز میں کہا کہ بھٹکل ان دہشت گرد حملوں کا کلیدی سازشی تھا۔ واضح رہیکہ 13 جولائی 2011ء کو زاویری بازار، اوپرا ہاؤز اور کبوتر خانہ میں پرہجوم علاقوں کو طاقتور بم دھماکوں کا نشانہ بنایا گیا تھا، جس میں 21 افراد ہلاک اور 141 زخمی ہوگئے تھے۔ اسپیشل پراسیکیوٹر اجول نکم نے بتایا کہ ہم نے نامزد مکوکا عدالت میں آج چارج شیٹ پیش کردی ہے۔ یٰسین بھٹکل اور اسداللہ اختر کو اے ٹی ایس نے 5 فروری کو اس وقت گرفتار کیا جب دہلی کی عدالت نے انہیں تحویل میں لینے کی درخواست منظور کرلی۔ اے ٹی ایس کے مطابق بھٹکل نے ان حملوں میں استعمال کئے گئے دھماکو مادوں کے حصول میں اہم رول ادا کیا۔ قبل ازیں اس مقدمہ میں 5 ملزمین مکوکا کے تحت مقدمہ کا سامنا کررہے ہیں۔ پہلی چارج شیٹ چند ماہ قبل ہی پیش کی جاچکی ہے۔