نئی دہلی ۔ یکم مئی ( سیاست ڈاٹ کام ) دو ہندوستانی سپاہیوں کو ہلاک کرنے اور ان کی نعشوں کو مسخ کرنے پر پاکستانی فوج کو منہ توڑ جواب دیتے ہوئے ہندوستانی فوج نے آج رات دو پاکستانی بنکروں کو تباہ کردیا اور سات پاکستانی سپاہیوںکو ہلاک بھی کردیا ہے ۔ ابتدائی رپورٹس میں کہا گیا ہے کہ دو پاکستانی بنکرس کو کرپان اور پمپل پوسٹوں پر تباہ کردیا گیا جو جموں میں میندھر علاقہ کی کرشنا گھاٹی کے روبرو واقع ہیں۔ کہا گیا ہے کہ 647 مجاہدین بٹالین کے پانچ تا آٹھ پاکستانی فوجی سپاہی ایک پوسٹ میں موجود تھے ۔ کہا گیا ہے کہ دونوں ہی پوسٹوں کو تباہ کردیا گیا ہے اور سات پاکستانی سپاہی ہندوستان کی اس کارروائی میں ہلاک ہوگئے ہیں۔ قبل ازیں دن میں پاکستان کی بارڈر ایکشن ٹیم نے دو ہندوستانی سپاہیوں کو شلباری کے ذریعہ ہلاک کردیا تھا ۔ فوج کی جانب سے ایک بیان جاری کرتے ہوئے کہا گیا تھا کہ ایک فوجی سپاہی اور ایک بی ایس ایف ہیڈ کانسٹیبل مہلوکین میں شامل ہیں تاہم ایک سینئر فوجی عہدیدار نے بتایا کہ ان کے سر قلم کردئے گئے تھے ۔ بارڈر ایکشن ٹیم نے ہندوستانی سپاہیوں کی پٹرولنگ پارٹی پر گھات لگاکر حملہ کیا گھا جبکہ پاکستانی فوج کی جانب سے ہندوستانی سرحدی دفاعی ٹھکانوں پر راکٹس اور مورٹار حملے کئے جا رہے تھے ۔ اس واقعہ کے بعد وزیر دفاع ارون جیٹلی نے پاکستان کو خبردار کیا تھا کہ ہندوستانی فوج کی جانب سے ایسی کارروائیوں کا جواب دیا جائیگا ۔ علاوہ ازیں کہا گیا ہے کہ ہندوستان نے دو فوجیوں کو ہلاک کرنے اور ان کی نعشیں مسخ کردینے پر ہندوستانی فوج کو جوابی کارروائی کرنے کا اختیار دیدیا ہے ۔